شکریہ امریکہ - ہندوستان روانگی سے قبل مودی کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

شکریہ امریکہ - ہندوستان روانگی سے قبل مودی کا بیان

واشنگٹن
پی ٹی آئی
وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے اپنے پانچ روزہ طوفانی دورہ امریکہ کے اختتام پر امریکہ سے اظہار تشکر کیا اور اپنے دورہ کو انتہائی کامیاب و اطمینان بخش دورہ قرار دیا ۔ ہندوستانی۔ امریکی بزنس کونسل کی جانب سے منعقدہ تقریب کے اختتام پر جو ان کی آخری سرکاری مصروفیت تھی ، مودی نے کہا’’شکریہ امریکہ‘‘ ۔ اس کے بعد وہ راست اینڈ ریوز ایر فورس کے اڈہ کے لئے روانہ ہوگئے ، جہاں سے ان کے طیارہ ایر انڈیا ون نے نئی دہلی کے لئے پرواز کی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ بے حد کامیاب رہاہے۔ یہاں سے میں راست ایر پورٹ کے لئے روانہ ہورہا ہوں ۔ مودی نے منگل کے دن صدر بارک اوباما سے وائٹ ہاؤز کے اوول آفس میں ملاقات کی جس کے اختتام پر دونوں قائدین نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں ہند۔امریکہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اینڈ ریوزایر فورس بیس پر ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ایس جئے شنکر اور اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی ووسطی ایشیا نشادیسائی بسوال نے مودی کو الوداع کہا ۔ گزشتہ روز جب وہ ایر فورس بیس پر پہنچے تو ڈپٹی سکریٹری آف اسٹیٹ ولیم بزنس نے ان کا استقبال کیا۔ کسی قائد کے سرکاری دورہ کے اختتام پر یہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے ۔ پیر کی شام اوباما نے مودی کے لئے نجی ڈنر کا اہتمام کیا تھا اور کل دونوں نے اوول آفس میں ملاقات کی جو دو گھنٹہ تک جاری رہی۔
اس کے بعد امریکی صدر اور وزیراعظم ایک ساتھ مارٹن لوتھر کنگ جونیر کی یادگار پہنچے ۔ باور کیاجاتا ہے کہ مودی کے ساتھ یادگار تک جانے کا فیصلہ خود اباما نے کیا تھا ۔ کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ امر دونوں قائدین کے درمیان قریبی تعلق کو ظاہر کرتا ہے جو انہوں نے اتنے مختصر وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ قائم کیا ہے ۔ بعد ازاں دن میں نائب صدر جوبائیڈن اور سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹرس فاگی باٹم میں مودی کے لئے لنچ کا اہتمام کیا ۔ اس کے بعد وہ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جوبوہنز کی جانب سے دی گئی ٹی پارٹی میں شرکت کے لئے کیپٹول بل پہنچے ۔ مودی نے اپنے5روزہ دورہ امریکہ کے پہلے مرحلہ میں4دن نیویارک میں گزارے جہاں انہوں نے27ستمبر کو اقوام متحدہ کے سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے28ستمبر کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہندوستانی نژاد امریکیوں سے خطاب کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ مودی نے نیویارک میں کئی سرکردہ امریکی تاجرین سے ملاقات کی جس میں فارچیون500کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ ناشتہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے سرکردہ امریکی قائدین جیسے بل اور ہلاری کلنٹن اور نیویارک کے سابق میئر مائیکل بلوم برگ سے بھی ملاقات کی ۔ مودی نے مجموعی طور پر50سرکردہ امریکی قانون سازوں اور3گورنروں سے ملاقات کی جن میں جنوبی کیرولینا کے نکی ہیلی بھی شامل ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں