گورکھپور میں 2 اکسپریس ٹرینوں کے درمیان ٹکراؤ - 12 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

گورکھپور میں 2 اکسپریس ٹرینوں کے درمیان ٹکراؤ - 12 ہلاک

گورکھپور
یو این آئی
گورکھپور کنٹونمنٹ اسٹیشن کے قریب آنند نگر کراسنگ پر کل رات11بجے 2اکسپریس ٹرینیں ٹکرا گئیں ۔ اس حادثہ میں کم از کم12افراد ہلاک اور دیگر50زخمی ہوگئے۔ بتایاجاتا ہے کہ وارانسی سے آنے والی کریشک اکسپریس ، جس نے سگنل جمپ کیا تھا، لکھنو۔ براؤنی اکسپریس سے بازو سے ٹکرا گئی ۔ لکھنو اکسپریس کے3ڈبے پٹری سے اتر گئے۔50مسافرین زخمی ہوگئے جن میں سے12کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ اسی دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے انسانی جانوں کے اتلاف پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ’’ اس حادثہ کے بارے میں جان کر مجھے بڑا صدمہ ہوا ۔ اس حادثہ میں متعدد افراد کی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ مجھے یقین ہے کہ ریاستی حکومت ، غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد بہم پہنچا رہی ہے ۔ دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے جو امریکہ کے دورہ پر ہیں ، ہر مہلوک کے قریبی رشتہ دار کو2لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ہر شدید زخمی کو وزیر اعظم کے نیشنل ریلیف فنڈ سے50ہزار روپے ایکس گریشیا دیاجائے گا ۔ وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڑا نے مہلوکین کے خاندانوں کے لئے فی خاندان2لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کے لئے فی کس ایک لاکھ روپے و نیز معمولی زخمیوں خے لئے فی کس20ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔
گوڑا نے کہا کہ’’ لوکو پائلٹ نے سگنل کو نظر انداز کردیا تھا ۔ اس کو معطل کردیاگیا ہے اور اس کی غفلت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔‘‘ وزیر ریلوے نے بتایا کہ وہ خود شخصی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ گورکھپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آر کے چتر ویدی نے12مسافرین کی ہلاکتوں کی توثیق کی ہے ۔ تاہم غیر مصدقہ اطلاعات میں یہ تعداد13بتائی گئی ہے ۔ نارتھ ایسٹرن ریلوے جنرل منیجر مدھو ریش کمار نے بتایا کہ کریشک اکسپریس کے ڈرائیور اور شریک ڈائیور کو معطل کردیا گیا ہے ۔ کیونکہ ان دونوں نے سرخ سگنل کو نظر انداز کردیا تھا جس کے سبب حادثہ پیش آیا ۔ ریلوے کے ترجمان الوک کمار نے بتایا کہ ’’امدادی کام ہنوز جاری ہے اور ریلوے لائنس آج سہ پہر تک صاف کردی گئیں۔‘‘ زخمیوں کو گورکھپور کے میڈیکل کالج ہسپتال اور ایر فورس ہسپتال میں شریک کرادیا گیا ہے ۔ حادثہ کے بعد کئی ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ۔عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ ریلوے بوگیوں کے ملبہ سے آج صبح بھی2نعشیں دستیاب ہوئیں۔ ریلوے کے سینئر اور ضلع عہدیداروں نے بتایا کہ وہ مقام حادثہ پر کیمپ کئے ہوئے ہیں جب کہ فوجی عملہ ، راحت کاموں میں مدد دے رہا ہے ۔ چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے مسافرین کی ہلاکتوں پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے ہر مہلوک کے قریبی رشتہ دار کو 2لاکھ روپے ایکس گریشیا اور زخمیوں کے لئے فی کس50ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں