آر ایس ایس نظریات کے پروپیگنڈہ کے لئے دوردرشن کے استعمال پر شردپوار کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-13

آر ایس ایس نظریات کے پروپیگنڈہ کے لئے دوردرشن کے استعمال پر شردپوار کی تنقید

ممبئی
پی ٹی آئی
وزیر اعظن نریندر مودی کی جانب سے شرد پوار پر اپنے گڑھ بارہ متی کے لوگوں کو غلام بنانے کے الزام لگائے جانے کے بعد این سی پی سربراہ نے مودی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی جلسوں میں شخصی حملے کرتے ہوئے وزیر اعظم کے عہدہ کا وقار گھٹارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کاعہدہ ایک باوقار عہدہ ہے اور اس کا وقار برقرار رکھنا اس پر فائز شخص کی ذمہ داری ہے ۔ یہ افسوسناک امر ہے کہ وزیر اعظم کے عہدہ کا وقار برقرار نہیں رکھاجارہا ہے۔ عوامی جلسوں میں اس عہدہ پر فائز شخص ہی اس کا وقار گھٹارہا ہے ۔ شرد پوار نے ان خیالات کا اظہار منترالیہ اورودھی منڈل ورتہا رسنگھ کی جانب سے ایک پروگرام کے دوران کیا۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں بارہ متی میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران مودی نے کہا تھا کہ این سی پی کے انتخابی نشان گھڑی، ان کی غلطیوں کی علامت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ سینئر پوار اور ان کے بھتیجے و سابق ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے بارہ متی کے عوام کو اپنا غلام بنالیا ہے ۔ امریکہ میں مودی کی تصاویر اور تقاریر کو مہاراشٹرا میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے طور پر استعمال کرنے کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے پوار نے کہا کہ مودی نے بی جے پی قائد کی حیثیت سے نہیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے امریکہ کا دورہ کیا تھا۔ یہ بدبختانہ امر ہے کہ ان کی تقاریر کو انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر دکھایا گیا اور طاقت کے غلط استعمال کی اعلیٰ ترین مثال ہے ۔
سوالات کا جواب دیتے ہوئے پوار نے کہا کہ وزیر اعظم کی حیثیت سے مودی کے مظاہرہ کا تجزیہ ابھی قبل از وقت ہوگا ۔ انہیں ترجیحات پر توجہ دینی چاہئے ۔ سب سے پہلے ایک کل وقتی وزیر دفاع مقرر کیاجائے تاکہ افواج کا حوصلہ بلند ہوسکے ۔ روزانہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ پوار نے مودی کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ سرحد کی کشیدگی کو سیاسی رنگ دیاجارہا ہے ۔ریاست میں مودی کی مہم کے تعلق سے سابق وزیر زراعت نے کہا کہ ہر سیاست داں کو اپنی پارٹی کے لئے مہم چلانے کی آزادی حاصل ہے لیکن اسمبلی انتخابات میں ریاستی مسائل پر توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اپنی اشتہاری مہم میں مہاراشٹرا کو بدنام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست فی کس آمدنی ، سرمایہ کاری اور صنعتی محاصل میں گجرات سے کافی آگے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو چھتر پتی شیواجی کے نام پر ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ گجرات کی ساتویں جماعت کی سماجی علم کی کتاب میں مراٹھا جنگجو کے تعلق سے غلط باتیں بیان کی گئی ہیں ۔ انہوں نے سرکاری براڈ کاسٹر دوردرشن کو آر ایس ایس کے نظریہ کے پروپیگنڈہ کے لئے استعمال کرنے پر بھی مودی پر شدید تنقید کی ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ کی دسہرہ تقریر خبروں میں دکھائی جانے کے لائق ہے ۔ آر ایس ایس سربراہ دسہرہ کے موقع پر تقریر کرتے ہیں ۔ واجپائی نے بھی اپنے دور میں اس تقریر کو خبروں میں نشر نہیں کروایا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں