سیکولر طاقتوں کے اتحاد کے لئے جنتا پریوار کے منتشر گروپس متحد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-13

سیکولر طاقتوں کے اتحاد کے لئے جنتا پریوار کے منتشر گروپس متحد

میرٹھ
پی ٹی آئی
قدیم جنتا پریوار کے مختلف منتشر گروپس کے قائدین آج یکجا ہوگئے اورانہوں نے سیکولر طاقتوں کے اتحاد پر زور دیا ۔ انہوں نے یہ اقدام بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لئے جنتادل کے احیاء کی جاریہ کوششوں کے درمیان کیا۔ سنگھ پریوار کے چیالنج سے نمٹنے اتحاد کے مطالبہ پر غیر واضح صورتحال کو ختم کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ اتحاد کے لئے بالواسطہ باتیں کرنے کا دور ختم ہوگیا اب وقت آگیا ہے کہ لوہیا، چودھری چرن سنگھ یا سماج وادی آئیڈیالوجی کے پیرو ایک ساتھ آجائیں ۔ آر ایل ڈی سربراہ اجیت سنگھ نے ان کی سرکاری قیام گاہ12تغلق روڈ کو ان کے والد چودھری چرن سنگھ کی یادگار میں تبدیل کرنے کے مطالبہ پر زور دینے کے لئے ایک ریالی منعقد کی تھی ۔ اس موقع پر شہ نشین پر سابق وزیر اعظم جنتادل ایس سربراہ ایچ ڈی ، دیوے گوڑا ، نتیش کمار ، صدر جنتادل یو شردیایادو ، سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ کے بھائی شیوپال سنگھ یادو اور اتر پردیش و اتر اکھنڈ کے بعض کانگریس قائدین بھی دکھائی دئیے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ شیو پال جی کیا آپ نہیں چاہتے کہ ہم سب متحد ہوجائیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ۔ آپ کو اور ملائم سنگھ یادو جی کو اس بارے میں سوچنا چاہئے ۔ بہار میں لالو پرساد یادو کے خلاف 20سال تک لڑتا رہا۔ لیکن جب خطرہ سامنے آیا تو میں نے ایک لمحہ کی بھی تاخیر نہیں کی اور ہم متحد ہوگئے۔
نتیش کمار نے مزید کہا کہ اگر ہم متحد ہوجائیں تو ملک کو ایک سمت ملے گی ۔ انہوں نے رام منوہر لوہیا کے حوالہ سے کہا کہ اگر آپ منتشر رہے تو آپ زوال سے دوچار ہوجائیں گے اور آپ کی کوئی مدد نہیں کرے گا ۔نتیش کمار کی اس بات کی سبھی نے تائید کی ۔ ان کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے دیوے گوڑا نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل بھی سیکولر طاقتوں کومتحد کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن یہ کامیاب نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ جو ہونا تھا ہوچکا، اب وقت آگیا ہے کہ جنتا پریوار متحد ہوجائیں، ہمیں سیکولر طاقتوں میں اتحاد کی کوشش کرنی چاہئے ۔ جنتادل یو جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہا کہ جنتاپریوار اگر متحد ہوجائے تو سنگھ پریوار اس کی طاقت کا مطالبہ نہیں کرسکتا ۔ سماج وادی پارٹی کے شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ آج بھی اگر ہم مل جل کر کام کرنا شروع کردیں تو فرقہ پرست طاقتوں کو نکال باہر کیاجاسکتا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی زبردست جیت اور اتر پردیش و بہار میں سماج وادی پارٹی، جے ڈی یو اور آر جے ڈی کی کراری ہار کے بعد قدیم جنتا پریوار نے اتحاد کا پیام دینا شروع کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں