پاکستانی پارلیمانی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

پاکستانی پارلیمانی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان سپریم کورٹ نے گزشتہ سال کے عام انتخابات کو کالعدم قرا ر دینے سے متعلق تمام درخواستوں کومسترد کردیا جو وزیر اعظم نواز شریف کے لئے باعث راحت ہے ۔ وزیر اعظم پر کئی سیاسی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے عہد ہ سے دست برداری( استعفیٰ) کا مطالبہ کررہی ہیں جس کے سبب نواز شریف سخت دباؤ میں ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار اقتدار کی منتقلی جمہوری اور پر امن طور پر ہوئی ہے تاہم مئی2013کے انتخابات کے دوران وزیر اعظم کے حق میں ووٹوں میں دھاندلی کا الزام ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی( پی ٹی آئی) کے صد ر نشین عمران خان کی زیر قیادت احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ کئی ہفتوں سے جاری ہے اور ایسے حالات میں عدالت عظمیٰ کے فیصلہ سے نواز شریف کو راحت کی سانس لینے کاموقع حاصل ہوا ہے ۔
عمران خان کے علاوہ طاہر القادری نے بھی گزشتہ اگست سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ نواز شریف شرو ع سے ہی استعفیٰ دینے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ طاہر القادری نے احتجاج کا سلسلہ بند کردیا ہے تاہم عمران خان اپنے موقف پر اٹل ہیں۔ ایڈوکیٹ کوکب اقبال ، ظہیر سرفراز اور سپریم کورٹ کے ایک سابق جج جسٹس( سبکدوش) محمود اختر شاہد صدیقی نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر گزشتہ سال کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عہدیداروں کے خلاف انگوٹھے کے نشان کے لئے ناقص روشنائی کے استعمال کی پاداش میں قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تھا ۔ عدالت عظمیٰ نے اپنا فیصلہ صاد ر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان درخواستوں پر غور کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ انتخابات سے متعلق تمام مطالبات کی یکسوئی کے لئے انتخابی ٹریبونلس قائم ہیں جنہیں تمام بدعنوانیوں یا نقائص کی یکسوئی کے اختیارات حاصل ہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے دستور کی دفعہ 225کا حوالہ بھی دیا جس کے مسائل یکسوئی کے لئے ٹریبونلس سے رجوع کئے جائیں ۔

Pakistan Supreme Court rejects pleas seeking to declare 2013 polls void

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں