ہندوستان کو کوئی بھی ملک دھمکی نہیں دے سکتا - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-17

ہندوستان کو کوئی بھی ملک دھمکی نہیں دے سکتا - راج ناتھ سنگھ

مانیسر(ہریانہ)
پی ٹی آئی
ارونا چل پردیش میں ایک بارڈرروڈ تعمیر کرنے سے متعلق حکومت ہند کے منصوبوں پر چین کی جانب سے شدید رد عمل کے دوسرے ہی دن آج مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے سخت پیام میں کہا ہے کہ’’کوئی بھی ملک ہندوستان کو وارننگ نہیں دے سکتا ۔ ہندوستان ، دنیا میں ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے ابھرا ہے ۔ جہاں تک ہند۔ چین سرحدی مسئلہ کا تعلق ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ چین کو ہندوستان کے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کرنا چاہئے۔‘‘راج ناتھ سنگھ یہاں نیشنل سیکوریٹی گارڈس( این ایس جی) کے یوم تاسیس کے موقع پر اخبار نویسوں سے خطاب کررہے تھے ۔ اخبار نویسوں نے ارونا چل پردیش کے ضلع چنگلانگ میں میک مہون لائن کے ساتھ ایک روڈ نیٹ ورک تعمیر کرنے سے متعلق ہندوستان کے منصوبوں پر چین کے شدید رد عمل پر راج ناتھ سنگھ کا جواب جاننا چاہا تھا جس پر سنگھ نے مذکورہ جواب دیا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ وزارت خارجہ چین کے ترجمان ہانگ لائی نے کل بیجنگ میں کہا تھا کہ’’چین۔ ہند سرحد کے مشرقی حصہ کے بارے میں ایک تنازعہ ہے۔ قبل اس کے کوئی قطعی تصفیہ پر پہنچا جائے، ہمیں امید ہے کہ ہندستان ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے ۔‘‘یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گزشتہ11ستمبر سے دو ہفتوں کے لئے لداخ کے علاقہ چمور میں دونوں ممالک کے فورسس کے درمیان کشیدگی تھی ، جو صدر چین ژائی جن پنگ کے سہ روزہ دورہ ہند پر اثر انداز رہی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر چین سے بات چیت کے دوران دو مرتبہ یہ مسئلہ اٹھایا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہند۔ چین 3488کلو میٹر سرحد کی صورتحال پر گزشتہ منگل کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں تبادلہ خیال کیااور مستقبل میں مداخلت کاریوں کو روکنے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی ۔بردوان میں حالیہ دھماکوں کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی (این آئی اے) اس واقعہ کو’’موثر‘‘ تحقیقات کررہی ہے ۔
ہریانہ میں بی جے پی کے تشکیل حکومت کے امکانات کے بارے میں ایک سوال پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ’’ایسا ہی نظر آتا ہے ‘‘۔ 19اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد بی جے پی کے پارلیمانی پیانل کا اجلاس ہوگا ۔ گڑ گاؤں سے موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی سے نمٹنے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ’’دہشت گردی کسی ایک ملک تک محدود نہیں ہے اس لئے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں‘‘ملک میں امن و سکون کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ۔ ہمارے فورسس، دہشت گردوں اور دیگر قوم دشمن طاقتوں سے نمٹنے پوری طرح تیار ہیں ۔ حکومت خاتون کمانڈوز کی تعداد میں اضافہ کا منصوبہ بنارہی ہے ۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی کے انسداد میں این ایس جی کمانڈوز کے رول کی ستائش کی اور ان بہادر کمانڈوز کو خراج پیش کیا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ذات پات یا نسل یا مذہب کی بنیاد پر امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان نے یہ ریمارکس ایک ایسے وقت کئے جب ناگا لینڈ سے تعلق رکھنے والے2نوجوانوں پر گڑ گاؤں کے سکندر پور علاقہ میں7افراد کی ایک ٹولی کے حملہ کی اطلاع ملی ہے ۔ کل رات بنگلور میں بھی منی پور کے ایک26سالہ طالب علم کو ایک گروپ نے مبینہ طور پر برا بھلا کہا اور پھر کنٹری میں بات نہ کرنے پر اس طالب علم کو مار پیٹ کی تھی۔

ملک کو القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس سے خطرہ - گوا اور بنگلور جیسے شہر نشانہ پر ۔ این ایس جی سربراہ جینت چودھری کا بیان
نئی دہلی
یو این آئی
نیشنل سیکوریٹی گارڈس(این ایس جی) کے سربراہ جینت چودھری نے آج اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ملک میں القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس جیسی تنظیموں سے ملک میں دہشت گرد حملہ کا سنگین خطرہ موجود ہے ۔ یہاں منیسر میں این ایس جی کے ہیڈ کوارٹر پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں تنظیموں سے مشترکہ خطرہ بھی لاحق ہے ۔ یہ تنظیمیں ملک میں کئی حملے کرسکتی ہیں اور ان کا نشانہ سیاحتی مراکز جیسے گوا ، یا بنگلور جیسے میٹرو شہر ہوسکتے ہیں ۔ا نہوں نے بتایا کہ دونوں تنظیموں نے اپنے خاص ریکر وٹوں کے ذریعہ گوا میں ممکنہ نشانوں کا پتہ لگانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لشکر طیبہ ، آئی ایس آئی ایس ،انڈین مجاہدین جیسی تنظیمیں ہندوستان پر ایک عرصہ سے نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ اگر یہ تنظیمیں مشترکہ طور پر مہم میں حصہ لیتی ہیں تو کئی رخی حملے ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں امرتسر کا بھی نام لیا جو دہشت گردوں کے نشانہ پر ہے ۔ چودھری نے بتایا کہ26/11کو ممبئی میں جو کچھ ہوا وہ ایک معمولی مظاہرہ تھا ، اس وقت صورتحال اور بھی خطرناک ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس جی ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔

No one can give warning to India, Rajnath Singh says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں