ناندیڑ شہر کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ سے ایس ڈی پی آئی وفد کی ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-09

ناندیڑ شہر کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ سے ایس ڈی پی آئی وفد کی ملاقات

ناندیڑ
(پریس ریلیز)
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا مہاراشٹر صدر صادق قریشی کی قیادت میں ایک وفد نے ناندیڑ ضلع پولس انتظامیہ سے موثر نمائند گی کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن ا مان کو قائم کرنے کے لئے پولس کو اپنا رویہ نرم کرتے ہوئے دکانداروں ڈھیل دینی چاہئے ۔اس موثر نمائند گی کے بعد امن کمیٹی کی ایک اہم نشست میں ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نے قدیم شہر کے تمام دکانداروں کو دکانیں کھولنے کا حکم دیا اور کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ امن و امان و بھائی چارے کا ثبوت دیں ۔تفصیلات کے مطابق ناندیڑ میں حالات مکدر ہونے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدر صادق قریشی فوراً ناندیڑ پہونچ گئے ۔۶؍ اکتوبر کو جب ناندیڑ کے حالات کشیدہ ہوتے جار ہے تھے اس وقت ایس ڈی پی آئی اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے نمائندوں نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر کرنے کی درخواست کی تھی ۔وفد نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ رکھا کہ سماجی کارکنان و عوامی نمائندوں کے ساتھ عام شہریان تک رسائی حاصل کی جائے اور امن کی بحالی کی کوشش کی جائے ۔ قبل ازیں ریاستی صدر صادق قریشی نے ضلع پولس افسران سے فون پر بات کرتے ہوئے ملاقات کرنے کی در خواست کی ۔ اسسٹنٹ ایس پی مسٹر پنکج دیشمکھ نے ۸؍ اکتوبر کو دوپہر ۳؍ بجے کا وقت ملاقات کے لئے طئے کیا ۔صادق قریشی ،جمعیتہ علماء کے ضلع صدر حافظ عبد الحفیظ ،خدمت فاؤنڈیشن کے ضلع صدر یاسین علی ،پاپولر فرنٹ آف انڈیاکے ضلع صدر عابد علی،معراج انصاری کے علاوہ دیگر اراکین پر مشتمل ایک وفد نے پنکج دیشمکھ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ذمہ داران نے گرفتاری سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے بعد کہا کہ انفرادی تنازعہ کو حالانکہ پولس انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی طرح فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا گیا ہے لیکن اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس لئے پولس انتظامیہ اس معاملہ پر روک لگاتے ہوئے معاملہ کی اصل حقیقت عوام کے سامنے لائے ۔ پنکج دیشمکھ ،ایڈیشنل ایس پی تاناجی چکلے کے علاوہ اتوارہ پولس اسٹیشن کے پی آئی نے انہیں تیقن دیا کہ وہ بھاری تعداد میں پولس ملازمین کو شہرکے مختلف مقامات پر تعینات کررہی ہے اور اس سلسلہ میں بھی غور و خوص کررہی ہے ۔ملاقات کرنے کے بعد صادق قریشی نے کہا کہ پولس شہریان کے ساتھ خوش گوار تعلقات قائم کرے اور اصل ملزمین کو گرفتار کرے اور بے گناہوں کو آزاد کرے ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں اگر پولس کو کسی قسم کی کوئی مدد درکار ہوتو وہ پوری طرح تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ اس معاملہ میں ایس ڈی پی آئی اور پاپو لر فرنٹ کی بروقت نمائندگی کے بعد عوام میں خوف و ہراس دور ہوا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں