استنبول یونیورسٹی کی اردو کی طالبات کا دورۂ اے ایم یو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

استنبول یونیورسٹی کی اردو کی طالبات کا دورۂ اے ایم یو

علی گڑھ
پریس ریلیز
استنبول یونیورسٹی ، ترکی کے شعبہ اردو کی بی اے کی طالبات کا ایک7رکنی وفد آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہنچا ۔ وفد میں 6طالبات کے علاوہ ایک نگراں شامل ہیں۔ اے ایم یو کے شعبہ اردو کا سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی ان طالبات کو ایک قلیل مدتی کورس کرائے گا جس میں انہیں اردو زبان بولنے، لکھنے اور پڑھنے کی مشق کرائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ شعبہ کے اساتذہ کے خصوصی لیکچر کا بھی اہتمام کیاجائے گا۔ سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کے کوآڑڈنیٹر پروفیسر محمد زاہد نے بتایا کہ اردو زبان سیکھنے میں ان طالبات کی سہولیات کے پیش نظر انہیں اردو طالبات کے ساتھ ہی رکھاجائے گا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت اردو زبان کا استعمال کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ استنبول کی ان طالبات کا وفداے ایم یو میں ڈیڑھ ماہ قیام کرے گا اور انہیں آگرہ، لکھنو، اور دہلی کے تاریخی و تہذیبی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔
پروفیسر محمد زاہد نے بتایا کہ شعبہ اردو میں یہ اپنی نوعیت کا ایک جدید کورس ہے جو غیر ملکی طلباء کے لئے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے اس کورس کی اہمیت کے پیش نظر نہ صرف اس کورس کی منظوری دی بلکہ ترکی سے آئے اس وفد کے طعام و قیام کا بھی نظم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پروائس چانسلر برگیڈیئر ایس احمد علی (ر) نے اس کورس میں خصوصی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے دہلی ایئر پورٹ سے علی گڑھ آنے کے لئے یونیورسٹی کی جانب سے ایک بس مہیا کرائی ۔ انہوں نے اس کورس کے تعلق سے یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں