مودی لہر ہے تو بی جے پی کی اتنی ریلیاں کیوں - ادھو ٹھاکرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

مودی لہر ہے تو بی جے پی کی اتنی ریلیاں کیوں - ادھو ٹھاکرے

ممبئی
ایجنسی
مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخاب سے قبل الزام تراشیوں کا دور جاری ہے ۔ شیو سینا بی جے پی محاذ کے ٹوٹنے کے بعد سینا پرمکھ ادھو ٹھاکرے بی جے پی کے خلاف روزانہ کچھ نہ کچھ نئی بات کا ذکر کرتے ہیں اور پارٹی لیڈران کو گھیرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
آج انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ یہ کہتی آرہی ہے کہ مہاراشٹرا میں ابھی بھی بی جے پی اور خصوصاً مودی لہر ہے ۔ ادھو نے پارٹی لیڈران سے سوال کیا کہ اگر مودی لہر باقی ہے تو پھر کیا وجہ ہے کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں اتنی ریلیاں کرنے جارہی ہے ۔ اپنے سابق ساتھی بی جے پی کا یہ اعلان کرنے پر کہ وزیر اعظم نریندر مودی مہاراشٹرا میں ریلیاں کریں گے ، سخت حملہ کرتے ہوئے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی کو مودی لہر سے اپنی جیت کا اتنا ہی بھروسہ ہوتا تو وزیر اعظم کو عوام سے خطاب کرنے کے لئے بلایا ہی نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے بہت سے بیانات آئے ہیں ، جو آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کئی ریلیوں سے خطاب کرنے کا مودی کا منصوبہ کا انکشاف کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں مودی کے خلاف کچھ نہیں ہے ، لیکن یہ بہت واضح ہے کہ اگر واقعی ریاست میں مودی لہر ہوتی ، تو وہ ریاست میں مودی کو کئی ریلیاں کرنے کے لئے بلاتے ہی نہیں ۔
ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ وزیر اعظم اسمبلی انتخابات سے پہلے اتنی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔ شیو سینا سربراہ اپنے رہائش گاہ پر ان سے ملنے آئے ، مہاراشٹرا سکھ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ایسوسی ایشن نے شیو سینا کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے انچارج راجیو پرتاپ روڈی نے منگل کو کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 4سے13اکتوبر کے درمیان22سے24انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔ اپنے سے الگ ہوئے کزن راج ٹھاکرے سے انتخابات کے بعد اتحاد کی قیاس آرائی کر مسترد کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میں ان کی طبیعت کے بارے میں معلوم کرنے کے لئے فون کیا، لیکن ہمارے درمیان ملاقات نہیں ہوئی ۔ یہ محض رسمی فون تھا اور اگر میں ان کی صحت کے بارے میں پوچھنے کے لئے فون کرتا ہوں، تو پھر کچھ دوسرے لوگوں کی طبیعت کیوں بگڑنے لگتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مودی کے امریکی سفر سے لوٹنے کے بعد مرکزی وزیر اور سینئر شیو سینا لیڈر اننت گیتے استعفیٰ دے دیں گے تو ادھو نے کہا کہ میں اس پر تبصرہ نہیں کرسکتا کہ مستقبل میں کیا ہوگا ، لیکن مودی کے واپس لوٹنے کے بعد ہماری ان سے بات چیت ہوگی اور اس کی بنیاد پر ہم آخری فیصلہ کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں