آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندستان ویتنام کے ساتھ حکمت عملی تعلقات کو مستحکم بنانے کا پابند ہے اور دفاع، خلا و توانائی کے شعبے اس معاملے میں سر فہرست ہیں۔ انہوں نے ویتنام کے وزیر اعظم نوگین تان ونگ کے ساتھ بات چیت کے بعد 7 معاہدوں پر دستخط کئے اور کہا کہ ہندوستان اور ویتنام پر امن سیول نیو کلیر توانائی کے شعبہ میں بھی تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں ویتنام کے ساتھ تعاون ہمارے لئے اہمیت کا حامل ہے ۔ہندوستان ، ویتنام کی مسلح افواج کو عصری بنانے کاپابند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی شعبہ ، مشترکہ مشقوں اور فوجی سازو سامان میں تعاون میں اضافہ کیاجائے گا ۔ مودی نے بظاہر چین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں (ہند۔ ویتنام) نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔کئی معاملات میں ہمارے خیالات مماثل ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام کے لئے جلد ہی100ملین ڈالر کی لائن آف کریڈیٹ کو کار کرد بنایاجائے گا ، جس کے تحت اس ملک کو نئے ہندوستانی بحری جہاز حاصل ہوں گے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ویتنام کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری بے حد اہم ہے ، مودی نے کہا کہ بحری سیکوریٹی کے معاملہ میں دونوں ملک ایک ہی موقف رکھتے ہیں ۔ سمندر کے راستے سے منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے اور کسی بھی تنازعہ کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کرنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ویتنام انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبہ میں تعاون کرسکتے ہیں ۔ ہم نے خلائی تحقیق کے شعبہ میں بھی تعاون میں اضافہ کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس میں خلائی اپلی کیشنز اور ہندوستان کی جانب سے ویتنامی سٹیلائٹ کو خلا میں روانہ کرنا بھی شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا ہندوستان ، توانائی ، انفراسٹرکچر ، ٹکسٹائلز ، کیمیکل، مشنری ایگرو پراسیسنگ اور آئی ٹی کے شعبے میں ویتنام کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرے گا ۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ہمارے اقتصادی تعلقات محدود ہیں ، جنہیں مستحکم کیا جائے گا، یہ ہماری حکمت عملی شراکت داری کا ایک اہم حصہ ہے۔ مودی نے کہا کہ بحر الکایل علاقہ میں ویتنام کے ساتھ تعلقات ہندوستان کے لئے اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے مئی کے مہینہ میں اقتدار سنبھالنے کے بعد بحر الکاہل علاقہ میں اپنی سر گرمیوں اور مذاکرات میں فوری اضافہ کیا ، کیوں کہ ویتنامی قائد کا یہ تیسرا دورہ ہند ہے ، مودی نے اسے نئی دہلی کے ساتھ مستحکم تعلقات کی خواہش کا نتیجہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ویتنام قدیم مذہبی تعلقات رکھتے ہیں ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں