ہندوستان اور پاکستان پر دوبارہ بات چیت شروع کرنے امریکہ کا اصرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-08

ہندوستان اور پاکستان پر دوبارہ بات چیت شروع کرنے امریکہ کا اصرار

نئی دہلی/نیویارک
یو این آئی
امریکہ نے ہند۔ پاک سرحد پرخطہ قبضہ پر جنگ بندی کی خلا ف ورزیوں پر آج تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ باہمی مسائل کے تصفیہ کے لئے بات چیت کا دوبارہ آغاز کریں۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان جین ساکی نے واشنگٹن میں بتایا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے موقع پر صدر بارک اوباما اور مودی کے درمیان ہند۔ پاک تعلقات بھی زیر بحث آئے ۔ اپنی روزانہ پریس کانفرنس کے دوران جین ساکی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کی دریافت میں دونوں ممالک کی مدد دینے کے لئے امریکہ کیاکررہا ہے کہ’’ہم کوخطہ قبضہ پر کسی بھی تشدد پر تشویش ہے ۔ ہم ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں کی اس سلسلہ میں حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے کہ وہ ان مسائل کے تصفیہ کے لئے مزید مذاکرات جاری رکھیں۔‘‘ تاہم ساکی نے کہا کہ کشمیر پر امریکی پالیسی غیر متبدل ہے ۔‘‘کشمیر پر ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ ہمارا اب بھی یہی یقین ہے کہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے مذاکرات کی رفتار، وسعت اور کردار کا تعین کرنا دونوں ممالک کا کام ہے۔‘‘
یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ہندوستان نے دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ کی سطح کی بات چیت کے لئے گزشتہ25اگست کی تاریخ مقررکی تھی ۔ یہ بات چیت اسلام آباد میں ہونے والی تھی ۔ اس مجوزہ بات چیت سے قبل مسئلہ کشمیر پر بات چیت کے لئے پاکستان نے علیحدگی پسند کشمیری قائدین کو مدعو کیا تھا۔ پاکستان کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہندوستان نے مذکورہ بات چیت منسوخ کردی تھی ۔ دریں اثناء اطلاعات ملی ہیں کہ پاکستان نے جموں کے ارنیا پٹی میں کل رات زبردست شلباری کی ۔5افراد بشمول ایک خاندان کے4افراد ہلاک اور30زخمی ہوگئے۔ ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنس(ڈی جی ایم او) نے ہاٹ لائن پر اپنے پاکستانی ہم منصب سے لڑائی بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ۔ پاکستانی رینجرس نے آج پھر اگلی 40ہندستانی چوکیوں پر حملہ کیا اور ہندوستان نے برابر کا جواب دیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں