ہندوستان آئی ایس کے خلاف جنگ میں شامل نہیں ہوگا - وزارت خارجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

ہندوستان آئی ایس کے خلاف جنگ میں شامل نہیں ہوگا - وزارت خارجہ

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ہندوستان مغربی ایشیا میں خوفناک آئی ایس آئی ایس گروپ کے خلاف جاری لڑائی میں حصہ لینے کسی اتحاد میں شامل نہیں ہوگا بلکہ اس نے دہشت گرد حملوں کے لئے انتہا پسندوں کی اس علاقہ کو پرواز کے بڑے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے آئی ایس آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ) کے خلاف امریکی زیر قیادت اتحاد کے فضائی حملوں میں شامل ہونے کے بارے میں ہندوستان کے اس موقف کو اجاگر کیا جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی ایشیا میں ابھرتے ہوئے چیلنجس پر امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ چوٹی سطح کی بات چیت کے دوران اپنی تشویش کا اظہار کی اتھا ۔ وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری(امریکہ) کے عہدہ پر فائز وکرم دورائی سوامی نے کل چوٹی بات چیت کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف کسی بھی اتحاد میں شامل نہیں ہوگا لیکن دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے مسافروں( انتہا پسند افراد جو مغربی ایشیاء میں دہشت گردسرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے سفر کرتے ہیں) سے نمٹنے کی ضرورت سے اتفاق کیا ۔ انہوں نے انتہا پسند نوجوانوں کی ہندوستان سے اس ملک کو منتقلی کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اسی طرح یہ بھی وضاحت کی گئی کہ افغانستان پر سہ رخی شراکت داری فوجی نوعیت کی نہیں بلکہ تعمیری نوعیت کی ہوگی ۔
دورائی سوامی نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد گروپس کی محفوظ آماجگاہوں اور مجرمانہ نٹ ورکس کو ختم کرنے کے لئے متحدہ اور ٹھوس کوششیں کرنے ہندوستان اور امریکہ نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں اعلان کیا ہے لیکن اسکا یہ مطلب نہیں کہ یہ ملک مل کر کارروائی شروع کرنے والے ہیں ۔ البتہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کی تکمیل کریں گے ۔ ہندوستان کے پاس عراق میں سرگرم نوجوانوں کی قطعی تعداد کے بارے میں اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ ہندوستان کے لئے سیکوریٹی خطرہ کے انتباہ کے طور پر ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ خوفناک آئی ایس آئی ایس گروپ ٹاملناڈو، کیرالا، مہاراشٹر اور جموں و کشمیر جیسی ریاستوں سے نواجونوں کو بھرتی کررہا ہے تاکہ وہ عراق ، سیریا اور مشرق وسطی کے دیگر مقامات پر لڑائی میں شامل ہوسکیں ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی ایس خاص طور پر مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہے ۔ مودی نے اوباما کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی اور انٹلی جنس کے تبادلہ میں تعاون میں اضافہ کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اوباما نے کہا کہ ہندوستان اس علاقہ میں امن وسلامتی کے لئے ایک بڑی طاقت کے طور پر ابھررہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں