شمالی بنگال میں ڈینگو کی لہر - 50 مریضوں کی نشاندہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

شمالی بنگال میں ڈینگو کی لہر - 50 مریضوں کی نشاندہی

سلی گوڑی
ایس این بی
سلی گوڑی شہر اور آس پاس کے علاقوں میں ایک بار پھر ڈینگو پھیل گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کے ذہن میں گزشتہ سال کا خوف پھر تازہ ہوگیا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال سینکڑوں لوگ ڈینگو کی زد میں آئے تھے اور درجنوں افراد ہلاک ہوئے ۔ اسی کے پیش نظر اس بار ڈینگو کی آہٹ پاتے ہی انتظامیہ کی پیشانی پر بل پڑ گیا ہے ۔ معاملے کو فوری طور پر عمل میں لیتے ہوئے شمالی بنگال وزیر قیادت گوتم دیب نے اپنے دفتر میں ہنگامی میٹنگ بلائی ۔ اس میں محکمہ صحت کے دار جلنگ اور جلپائی گوڑی ضلع کے افسران اور سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن کے افسران شامل ہوئے۔ میٹنگ میں موجودہ حالات کا جائزہ و ڈینگو کنٹرول کے لئے ضروری اقدامات کئے جانے پر بات ہوئی۔ وزیر ترقیات نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس سال جنوری ماہ سے اب تک160مشتبہ ڈینگو مریضوں کے خون کے نمونے کی جانچ ہوئی تو34لوگوں میں ڈینگو کی مثبت علامات پائی گئیں۔ فی الحال سلی گوڑی کے کچھ نرسنگ ہوم و اسپتالوں میں تقریباً18ڈینگو مریض داخل ہیں ۔ سبھی کا بہتر علاج کیاجارہا ہے ۔ ویسے غیر سرکاری ذرائع کے مطابق شہر وارد گرد میں تقریباً50مشتبہ ڈینگو مریض ہیں۔ کھال پاڑہ علاقے میں اس کا زیادہ اثر دیکھاجارہا ہے ۔ وزیر نے بتایا کہ سلی گوڑی اسپتال میں ڈینگو مریضوں کے لئے الگ سے سیل قائم کیا گیا ہے۔عام لوگوں سے انہوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اچانک ڈینگو کے زور سے سبھی فکر مند ہیں، اس کے باوجود اسے ہوا نہیں بنایاجانا چاہئے۔ عام لوگ خوفزدہ نہ ہوں ۔ ڈینگو کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ صحت کو الرٹ کردیا گیا ہے ، کہ وہ پوری تیزی اور سر گرمی سے عام لوگوں کے درمیان احتیاط سے مہم چلائے ۔ ڈینگو کے زور کے پیش نظر شمالی بنگال وزیر ترقیات نے سلی گوڑی کارپوریشن کے افسران کو شہر میں پوری رفتار کے ساتھ سرگرم ہوکر صفائی مہم چلانے کو کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی کارپوریشن کے پاس25اسپیرے مشین اور پانچ فاؤگنگ مشینیں ہیں ، جن کی بدولت جگہ جگہ مچھر مار کیمیکل کا چھڑکاؤ کیاجارہا ہے ۔ جلد ہی اور پانچ اسپرے مشین اور دو دو فاگنگ مشین کا انتظام کیاجائے گا ۔ انہوں نے عام لوگوں سے بھی ہوشیار رہنے اور اپنے آس پاس کی صفائی کا پورا خیال رکھنے اور چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے ۔
ماہرین کے مطابق ڈینگو ایک بہت ہی خطرناک بیماری ہے ۔ یہ ایک قسم کے وائرس کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے ، ڈینگو مچھر کاٹنے سے تین دن سے ہفتہ یا دو ہفتہ کے اندر ڈینگو کی علامات سامنے آنے لگتی ہیں۔ ڈینگو کے سبب انسان کے جسم کے خون میں موجود پائے جانے والے پلیٹ لیٹس آہستہ آہستہ کم ہوجاتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں انسان کی موت تک ہوسکتی ہے ۔ بخار، سر درد، ہڈی کے جوڑوں میں درد، جلد میں چتے داغ ، لال پھنسی پھوڑا ، منہ اور ناک سے لار اور جی متلانا، الٹی لگنا،وغیرہ اس کی علامات ہیں ۔ ڈینگو کی کوئی بھی علامت نظر آتے ہی فوراً قریبی سرکاری ہسپتال یا ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں ۔ وقت رہتے ڈینگو کا علاج ممکن ہے ورنہ یہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔ یہ بھی ضروری ہے کہ اپنے گھر اور ارد گرد کی صفائی کا پورا خیال رکھاجائے ۔ کہیں بھی کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں ۔

Wave of dengue in North Bengal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں