اتر پردیش میں مودی کے خلاف اتحاد قائم کرنے کی تیاریاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-09

اتر پردیش میں مودی کے خلاف اتحاد قائم کرنے کی تیاریاں

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش میں بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ایک نیا اور بڑا سیکولر اتحاد ابھر رہا ہے۔ جہاں جنتادل یو کے صدر شرد یادو نے سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی دعوت پر پارٹی کے قومی کنونشن میں شرکت کی ۔ بعد ازاں دونوں قائدین نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں بالخصوص متنازعہ خارجہ پالیسی کے سلسلہ میں اسے نشانہ تنقید بنایا ۔ شردیادو نے12اکتوبر کو نکالی جانے والی راشٹریہ لوک دل کی ریالی سے قبل آج کے کنونشن میں شرکت کی ہے ۔ آر ایل ڈی صدر اجیت سنگھ نے میرٹھ میں اس ریالی کا اعلان کیا تھا جس میں مشہور و معروف سیکولر قائدین بشمول لالو پرساد یادو ، نوین پنٹائک ، سابق وزیرا عظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، نتیش کمار ، ملائم سنگھ اور شرد یادو شرکت کریں گے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق شرد یادو نے کہا کہ وہ ملائم سنگھ اچھے دوست رہے ہیں اور وہ ایس پی صدر کی دعوت پر قومی کنونشن میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ جنتال یو قائد نے سہ روزہ کنونشن کے آغاز کے موقع پر یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم ابتدائی دنوں سے ساتھ ہیں ۔ موجودہ حالت میں دستور کو سخت دھکہ پہنچایا گیا ہے ۔ ہمیں اسے بچانا ہوگا ، شرد یادو نے سماج وادی پارٹی کے ساتھ امکانی اتحاد کو مسترد کردیا ۔ تاہم کہا کہ انہوں نے حال ہی میں یہ واضح کیا تھا کہ وہ قدیم جنتاپریوار کے تمام شراکت داروں کو متحد کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ نئے انتخابی چیلنج کا مقابلہ کیاجاسکے ۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو اور جنتادل یو کے صدر شرد یادو نے آج مرکز کی نریندر مودی حکومت کواس کی ناکامیوں بالخصوص متنازعہ خارجہ پالیسیوں کے سلسلہ میں نشانہ تنقید بنایا ۔ ملائم سنگھ یادو کو آج یہاں پارٹی کے قومی کنونشن کے افتتاحی اجلاس مسلسل نویں مرتبہ پارٹی کا قومی صدر منتخب کئے جانے کے بعد شرد یادو نے ان کے لڑکے و چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کو مختلف مسائل پر نشانہ تنقید بنایا ۔ تاہم انہوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کے سلسلے میں حکومت کی ستائش کی ۔ جنتادل یو کے صدر نے دستور ملک کے اتحاد و یکجہتی کو بچانے تمام سیکولر جماعتوں میں اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ سماج وادی پارٹی صدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ اتر پردیش میں بعض ایسے قائدین ہیں جو عام آدمی کے مفاد کی تکمیل کے لئے نہیں بلکہ اپنے شخصی مفاد کے لئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میں نے شخصی طور پر کئی وزراء کو وارننگ دی تھی لیکن انہوں نے اپنے طور طریقے تبدیل نہیں کئے ۔ صرف میں یہ بات نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ پارٹی کے عام کارکنوں کا بھی یہی احساس ہے ۔ انہوں نے خارجہ پالیسی کے سلسلہ میں نریندر مودی کو بھی نشانہ تنقید بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم بہت زیادہ بولتا ہے ۔‘‘ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مودی کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ وہ نواز شریف یا چینی صدر کے ساتھ سیدھی اور سخت بات کرتے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں