ہریانہ کو گھوٹالوں سے نجات دلانے بی جے پی کو کامیاب بنانے مودی کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-09

ہریانہ کو گھوٹالوں سے نجات دلانے بی جے پی کو کامیاب بنانے مودی کی اپیل

مہندر گڑھ(ہریانہ)
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ چھوت چھات کی سیاست سے ملک کو نہیں چلایاجاسکتا اور ملک کو آگے لے جانے سیاسی جماعتوں کو اس سے بالا تر ہونا ہوگا ۔ جنوب مغربی ہریانہ کے مہندر گڑھ ٹاؤن میں15اکتوبر کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ ایک سیاسی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا یوم پیدائش منانے کے بارے میں ان کے حالیہ بیان پر کانگریس کے رد عمل پر تنقید کی ۔ مودی نے کہا کہ جب میں نے نہرو جی کے یوم پیدائش کے بارے میں بات کی تو کانگریس کو یہ ہضم نہیں ہوئی۔ ملک کو چھوت چھات کی سیاست پر نہیں چلایاجاسکتا ۔ اسے ختم کرنا ہوگا اور ملک کو آگے لے جانے تمام سیاسی جماعتوں کو اس سے بالا تر ہونا ہوگا ۔ پہلے60دن میں ان کی حکومت کی جانب سے کئے گئے کام کا حساب کتاب پوچھنے پر کانگریس قیادت کو مزید تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہوں نے ملک میں کانگریس کے60سالہ دور حکومت میں کئے گئے کام کا کوئی حساب نہیں دیا ہے لیکن میں ہر پیسہ اور ہر سکنڈ کا اس ملک کے عوام کو حساب دینے کا پابند ہوں ، جنہوں نے مجھے منتخب کیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ میں کسی وزیر اعظم ،چیف منسٹر یا وزیر کے گھر میں پیدا نہیں ہوا ۔ میں آپ(عا م لوگوں ) میں سے ہوں۔جو لوگ وزرائے اعظم یا وزراء کے خاندان میں پیدا ہوئے ہیں وہ صرف بڑے لوگوں کو حساب دیتے ہیں ۔ میں اس ملک کے عوام کو حساب دوں گا۔
مرکز اور ریاستوں میں ٹیم انڈیا کے بارے میں بات کرتے ہوئے مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ مودی نے کہا کہ میں مرکز اور ریاستوں کو پاس پاس نہیں بلکہ ساتھ ساتھ لانا چاہتا ہوں ۔ میں ایک ایسی ٹیم انڈیا چاہتا ہوں جہاں وزیراعظم اور چیف منسٹر مل کر کام کریں ۔ کیا آپ ایک ایسی حکومت کو منتخب کرنا چاہتے ہیں جو مرکزی(بی جے پی) حکومت کا نام سنتے ہی نفرت کا اظہار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ دیکھ رہے ہیں کہ عوام ہریانہ میں تبدیلی چاہتے ہیں اور ریاست کو کھلی لوٹ، اسکامس، اور مافیا سے نجات دلانا چاہتے ہیں ۔ جو گزشتہ 25برس سے اس پر مسلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ25سال میں صرف گھوٹالے ہوئے ہیں ۔ آپ کو اسے بدلنا ہوگا اور بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانا ہوگا ۔ واضح رہے کہ ہریانہ اسمبلی میں90نشستیں ہیں۔

BJP's Mission Haryana on steroids

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں