خطرناک طوفان ہد ہد کی ساحلی آندھرا اور اوڈیشہ کی جانب پیشرفت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-09

خطرناک طوفان ہد ہد کی ساحلی آندھرا اور اوڈیشہ کی جانب پیشرفت

بھوبنیشور
آئی اے این ایس
خلیج بنگال میں پیدا شدہ ایک طوفان ، آندھرا پردیش اور متصل ریاست اوڈیشہ کی طرف بڑھ رہا ہے ، اور امکان ہے کہ اتوار کی دوپہر تک یہ دونوں ریاستوں کے ساحل کو عبور کرلے گا ۔ دونوں ریاستوں کی حکومتوں نے طوفان کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات شروع کردیے ہیں ۔ انڈمان اور اس کے پڑوسی علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کے مرکز میں شدت پیدا ہوئی اور یہ شدت ایک طوفان میں تبدیل ہوگئی جسے’’ہد ہد‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ آج صبح 8:30بجے انڈمان کے سمندر اورمتصل خلیج بنگال میں موجود تھا ۔ محکمہ موسمیات کے ایک بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی ۔ لانگ آئی لینڈ کے قریب انڈمان اور نکو بار جزائر کو اس نے عبور کرلیا ہے ۔ اس میں مزید پیشرفت ہوگی اور شدت بھی آئے گی ۔ اس طرح وہ جمعرات تک خطرناک طوفان کی شکل اختیار کرلے گا ۔ بتایا گیا ہے کہ ہد ہد کی شکل انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی ہے ۔ اور یہ امکان ہے کہ12اکتوبر کو آندھرا اور اوڈیشہ کے ساحل پر وشاکھا پٹنم اور گوپال پور کے درمیان کسی جگہ ٹکرائے گا ۔ ماہی گیروں کو فوری طور پر مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں اور ماہی گیری کے لئے سمندر میں موجود مچھیروں کو فوری واپس ہوجانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ اڈیشہ میں عوام، اشیائے ضروریہ اکٹھا کررہے ہیں کیونکہ طوفان ہدہداے پی اور ساحلی اڈیشہ سے شدت سے ٹکرانے کا اندیشہ پایاجاتا ہے ۔
خریداری میں اچانک اضافہ سے پیر کے دن سے ہی ترکاریوں کی قیمتوں میں40فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ چند اشیا جیسے موم بتیاں ، دکانات سے صاف ہوگئی ہیں۔ تاجر اورکاروباری لوگ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کا زبردست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ عوام میں بھی ضروری چیز وں کے علاوہ ترکاریاں موم بتیاں ، ماچس کی ڈبیاں ، بیٹریز اور فیول جمع کرنے کے لئے مسابقت دیکھی جارہی ہے ۔ منگل کے دن آلو کی قیمت25روپے فی کلو تھی جو آج بڑھ کر30روپے فی کلو ہوگئی اور اس میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ اڈیشہ کے عوام کے ذہنوں میں12اکتوبر 2013کا دن ہنوز تازہ ہے کیونکہ اس دن طوفان فائلن یہاں ٹکرایا تھا ، جس نے تباہی و بربادی کی ایک داستان چھوڑ ی تھی تاہم1999ء کے سوپر سائیکلون کے مقابلہ اس موقع پر کم ہلاکتیں ہوئیں ۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک نے آج طوفان کی تباہ کاریوں کو کم سے کم کرنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا اور سرکاری مشنری کو پوری رح چوکس رہنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ تمام متعلقہ محکموں سے تفصیلات حاصل کی ہیں ۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ محکموں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی منصوبے تیار رکھیں۔

Cyclone Hudhud to cause heavy damage in Andhra, Odisha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں