نائیڈو اور کے سی آر ایک سکے کے دو رخ - کانگریس فلور لیڈر ڈی سرینواس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

نائیڈو اور کے سی آر ایک سکے کے دو رخ - کانگریس فلور لیڈر ڈی سرینواس

کانگریس فلورلیڈر ڈی سرینواس نے آج کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو (استاد) اور کے چندر شیکھر راؤ ( شاگرد) صرف عوام کو گمراہ کرنے کے لئے دکھاوے کی لڑائی لڑ رہے ہیں ، جب کہ در حقیقت دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ آپس میں بات چیت کے ذریعہ سری سلیم پراجیکٹ کے مسئلہ کو حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی اپنے انتخابی منشور کو نظر انداز کرچکی ہے اور ریاستی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کثیر تعداد میں کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے برقی بحران پر متنازعہ بیانات جاری کئے جارہے ہیں ۔ اور کسانوں کے قرض کی معافی اور فیس ری امبرسمنٹ جیسے اہم معاملات میں حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل میں کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی ۔ ڈی سرینواس نے کہا کہ فی الوقت ریاست تلنگانہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوچکی ہے ۔ ریاست میں برقی بحران حکومت صرف بیانات کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ اور وہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ۔
ڈی سرینواس نے کہا کہ2004میں کانگریس پارٹی نے بر سر اقتدار آنے کے بعد حلف برداری کے ساتھ ہی اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا تھا ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے ذریعہ ریاستی عوام کو راحت فراہم کرنے کے بجائے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو مستحکم کرنے کے لئے دیگر جماعتوں کے ارکان اور قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کے حلقوں کو فنڈس دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کا سنہری تلنگانہ صرف ان کے ارکان خاندان تک محدود ہوکر رہ گیا ہے عوام کو کسی قسم کی راحت نہیں ہورہی ہے اور تلنگانہ حاصل ہونے کے باوجود تلنگانہ کے عوام فلاح و بہبود سے محروم ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں