تفرقہ کی آگ بھڑکانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی - سعودی وزارت داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-24

تفرقہ کی آگ بھڑکانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی - سعودی وزارت داخلہ

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ تفرقہ کی آگ بھڑکانے والوں، معاشرے کی درجہ بندی کرنے والوں اور سماجی یگانگت میں دراڑ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ خواتین کے لئے ڈرائیونگ کے بہانے ممنوعہ جلسوں اور مظاہرے کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ وزارت داخلہ نے سماجی ویب سائٹ اور بعض ذرائع ابلاغ میں خواتین کی ڈرائیونگ کی حمایت کے بہانے جلوس نکالنے اور جلسے کرنے کی اپیلوں پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزارت داخلہ اس قسم کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بعض لوگ سعودی عرب میں رائج الوقت قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اکسانے کی پے در پے کوشش کررہے ہیں ۔ مملکت میں رائج ضوابط کے مطابق خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت نہیں ہے ۔ بعض لوگ اس کی خلاف ورزی کی تحریک چلارہے ہیں، وزارت داخلہ یہ بات واضح کردینا چاہتی ہے کہ جو شخص بھی ایسا کوئی کام یا ایسا کوئی طریقہ اختیار کرے گا اس میں کسی بھی طرح سے حصہ لے گا جس سے سماجی یگانگت متاثر ہوتی ہو، معاشرے کی درجہ بندی ہوتی ہو اور تفرقہ کی آگ بھڑکتی ہو اس کے خلاف پوری قوت سے قاعدے ضابطے نافذ کئے جائیں گے ۔ دوسری جانب باخبر ذرائع نے الشرق الاوسط کو بتایا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے بالمقابل واقع یمنی صوبے حجہ میں ایران کے ثقافتی مراکز قائم کردئیے ہیں ۔ان مراکز میں ایرانی من کے نوجوانوں کو اپنی طرف مائل کرنے اور تشیع کی ترغیب دینے کی مہم چلائے ہوئے ہیں۔ہزاروں یمنی نوجوانوں کو حوثی تحریک میں شمولیت پر آمادہ کیاجارہا ہے ۔
سکریٹری حجہ گورنریٹ ڈاکٹر ابراہیم الشامی نے بتایا کہ انہوں نے حجہ میں حوثیوں کے داخلے سے متعلق طے پانے والے معاہدے کی سخت مخالفت کی تھی ۔ البتہ گورنر میجر جنرل علی القیسی نے انہیں ضد کرکے حجہ میں داخلے کی اجازت دلائی ۔ یمن کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ اور سیکوریٹی کے اداروں میں سابق صدر علی صالح کے ہمنوا افسر اور اہلکار سینکڑوں کی تعداد میں ہیں ان کی اکثریت حوثی تحریک میں شامل ہوگئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں