23/اکتوبر جدہ اردو نیوز
حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے مسیح الزماں صدیقی المعروف ماہر صدیقی جمعرات کو انتقال کر گئے ۔ ماہر اپنے آفس اندلس مال کی مسجد میں نماز مغرب ادا کررہے تھے کہ دوسری رکعت میں رکوع کے دوران ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی ۔ تمام نمازی سلام پھیرنے کے بعد ان کی طرف متوجہ ہوئے تو پتہ چلا کہ ماہر صدیقی’’ سبحان ربی العظیم‘‘ کہتے ہوئے اس دار فانی سے کوچ کرگئے ۔ یہ خبر شہر جدہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ سید خواجہ وقار الدین اور علیم خان فلکی نے بتایا کہ ماہر صدیقی کی عمر62سال تھی۔ وہ گزشتہ30سال سے مملکت میں بر سر روزگار تھے ۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ماہر صدیقی ، جدہ میں حیدرآبادی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقاریب میں پوری آب و تاب کے ساتھ شریک ہوتے اور اپنے حافظہ اور حاضر جوابی سے محفل میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے تھے ۔ انہیں بے شمار ادبی واقعات، سنجیدہ اور مزاحیہ اشعار یاد تھے۔
انہوں نے اردو نیوز میں دنیائے فن کے حوالے سے کئی کالم لکھے۔’’ ساز اور آواز‘‘ کے نام سے ایک گروپ کی بنیاد بھی رکھی ۔ وہ اپنے فن اور آواز سے لوگوں میں خوشیاں بانٹا کرتے تھے ۔ انہوں نے عوام میں شعری بیداری کے لئے علیم خان فلکی، مہتاب قدر اور دیگر کے ہمراہ ایک سلسلہ شروع کیا جس کا عنوان’’ شعروں کے انتخاب نے رسواکیا مجھے‘‘ رکھا گیا تھا ۔ اس میں کوئی بھی شخص اپنی پسند کے اشعار سناتا تھا ۔ اسے اہل جدہ نے بہت پسند کیا۔ خاک طیبہ ٹرسٹ ، ٹوئن سٹیز ، سوشیوریفامز ، بزم اتحاد اور دیگر تنظیموں کے پروگراموں میں بھی ماہر صدیقی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر جدہ میں مقیم حیدرآبادی کمیونٹی کی تمام تنظیموں کے ذمہ داران مسجد پہنچ گئے اور پسماندگان کا صبر جمیل اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ۔ تدفین کے بارے میں ماہر صدیقی کے بھتیجے محمد بدیع الزماں سے فون نمبر0559390605پر رابطہ کیاجاسکتا ہے ۔
Demise of renown Hyderabadi social activist Mahir Siddiqui in jeddah
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں