شیو سینا لیڈر بی جے پی قائدین سے ملاقات کے بغیر واپس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-23

شیو سینا لیڈر بی جے پی قائدین سے ملاقات کے بغیر واپس

نئی دہلی
یو این آئی
مہاراشٹر میں تشکیل حکومت پر تجسس بڑھتا جارہا ہے جب کہ زعفرانی اتحاد وبارہ قائم کرنے کی کوششوں کو بظاہر اس وقت دھکہ لگا جب شیو سینا کے سینئر قائدین سبھاش دیسائی اور انیل دیسائی اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے اعلیٰ قائدین سے مشاورت کے لئے دہلی گئے تھے لیکن ان سے ملاقات کے بغیر ہی آج صبح ممبئی واپس ہوگئے ۔ مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کے لئے بی جے پی نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور پارٹی کے جنرل سکریٹری جے پی نڈا کو مبصر مقرر کیا ہے۔ بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیو سینا کے دونوں قائدین کل رات قومی دارالحکومت پہونچے ۔ جس کے بعد یہ قیاس آرائی کی گئی کہ یہ دونوں راج ناتھ سنگھ اور نڈا سے ملاقات کریں گے تاہم بعد میں ذرائع نے بتایا کہ شیو سینا کے نمائندوں نے بی جے پی کے دیگر سینئر قائدین سے ملاقات کی ۔ اطلاعات کے مطابق شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے آنے والے چند دنوں میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے این ڈی اے کے حلیفوں کو26اکتوبر کو ڈنر پر مدعو کیا ہے ، چنانچہ اس موقع پر شیو سینا کے قائدین بھی موجود رہیں گے۔ اس موقع پر ٹھاکرے اور مودی کی ملاقات کی توقع کی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سینا نے مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کے لئے بی جے پی کو تائید کی پیشکش کی ہے ۔ توقع ہے کہ راج ناتھ سنگھ اور نڈا دیپاولی کے بعد ممبئی جائیں گے جہاں اس سلسلہ میں اہم فیصلہ لیاجائے گا ۔ بی جے پی نے تاہم قدیم حلیف کے ساتھ حکومت بنانے کے سلسلہ میں اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔288رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے122ارکان منتخب ہوئے ہیں تاہم پارٹی کا دعویٰ ہے کہ آزاد ارکان اور چھوٹی جماعتوں کے بشمول اسے138ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ اسے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا بھرپور یقین ہے ۔

SS leaders return without meeting Rajnath, Nadda

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں