کوئلہ کانوں کی از سر نو نیلامی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

کوئلہ کانوں کی از سر نو نیلامی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی جانب اٹھائے گئے ایک اہم قدم میں وزیر اعظم نریندر مودی کے زیر قیادت مرکزی کابینہ نے پیر کے دن کوئلہ بلاکوں کے الاٹمنٹ کے معاملے میں ایک آرڈینینس لانے کی سفارش کردی ہے تاکہ کوئلہ کی کانوں کی ای نیلامی کے لئے نجی کمپنیوں کو سہولت فراہم کی جاسکے ۔ کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے آرڈینینس کے نفاذ کے لئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عرصہ سے زیر التواء اور تعطل کے شکار اس مسئلہ کو حل کردیاجائے ۔ کوئلے کی کانوں کی نیلامی 3سے4ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے1993سے2010کے دوران مختص کئے گئے218کوئلہ بلاکوں میں سے214کے الاٹمنٹ کو منسوخ کردیا تھا ۔ صرف ان4بلاکوں کے الاٹمنٹ کو منسوخ نہیں کیا گیا جو سرکاری مشنریوں کو بغیر جوائنٹ ونچر کے الاٹ ہوئے تھے ۔ جن کمپنیوں کے کانوں کے الاٹمنٹ منسوخ کئے گئے ، انہیں سپریم کورٹ نے اپنا کاروبار سمیٹنے کے لئے6مہینے کا وقت دیا تھا ۔ چیف جسٹس آر ایم لوڈھا کی بنچ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ جن بلاکوں میں پروڈکشن جاری ہے یا پروڈکشن شروع ہونے والا ہے ، وہ آئندہ6مہینوں تک موجودہ مینجمنٹ کے پاس ہی رہیں گے، جب تک مرکزی حکومت ان کے دوبارہ الاٹمنٹ کا فیصلہ نہیں لے لیتی ۔ عدالت نے کہا تھا کہ ان بلاکوں کے مینجمنٹ کو آئندہ6مہینے تک نکالے گئے کوئلے پر295روپے کی رائلٹی کی ادائیگی کرنی ہوگی ۔ اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے اس سلسلے میں بتایا تھا کہ جو کمپنیاں فی الحال کانوں سے کوئلہ نکال رہی ہیں وہ آئندہ6مہینے یعنی31مارچ2015تک اسے جاری رکھ سکتی ہیں ، لیکن اس کے لئے انہیں295روپے فی ٹن کے حساب سے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں