آر ایس ایس کے میگزین میں متنازعہ مضمون - کانگریس کی برہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

آر ایس ایس کے میگزین میں متنازعہ مضمون - کانگریس کی برہمی

ترواننتاپورم
پی ٹی آئی
کیرالا میں کانگریس نے آر ایس ایس کے میگزین’’ کیسری‘‘ میں ایک مضمون کی اشاعت پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہہے جس میں ہندوستان کے پہلے وزیرا عظم جواہر لال نہرو کی مبینہ طور پر توہین کی گئی ہے ۔ کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ایس راج شیکھر ن کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر جس میں کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ ریاستی وزیر داخلہ رمیش چینی تھلانے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے ایس بالا سبرامنیم سے کہا ہے کہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لیں اور کارروائی کریں ۔ ہفتہ وار کے ایڈیٹر نے تاہم مضمون کی تائید کی اور کانگریس کے تمام الزامات کو مسترد کردیا ۔ بی جے پی اسٹیٹ یونٹ کے رکن بی گوپال کرشنن کے اس مضمون میں کہا گیا ہے کہ ملک کی تقسیم اور دیگر المیوں بشمول گاندھی جی کے قتل کے لئے دراصل نہرو ہی ذمہ دار تھے ۔ اس مضمون میں یہ بھی کہا گیا کہ نہرو ایک خود غرض قائد تھے ، جنہوں نے تقسیم ہند کے معاملہ میں اہم حقائق گاندھی جی سے چھپائے تھے اور انہیں بات چیت کے آخری دور سے دور رکھا تھا ۔ کے پی سی سی ، صدر وی ایم سدھیرن نے اس مضمون پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں الٹ پھیر اور نہرو کی توہین کرنے کی یہ سنگھ پریوار کی ایک اور کوشش ہے۔ کیسری کے ایڈیٹر این آر مدھو نے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس قائدین سیاسی مفادات کے لئے حقائق میں الٹ پھیر کرتے ہیں۔ مدھو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم پہلی مرتبہ نہرو کی پالیسیوں اور اہم مسائل بشمول تقسیم پر ان کے رویے پر تنقید نہیں کررہے ہیں ۔ اس مضمون میں نہرو کو شخصی طور پر نشانہ نہیں بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس قائدین کی ایک سازش ہے تاکہ یہ دکھایاجاسکے کہ وہ سی پی آئی ایم سے زیادہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے مخالف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم کانگریس پر الزامات عائد کرتی رہی ہے کہ کانگریس آر ایس ایس کے تئیں نرم رویہ اختیار کررہی ہے ۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق آر ایس ایس نے آج اس کے ملیالم ترجمان میں شائع شدہ اس متنازعہ مضمون سے لا تعلقی اختیار کی ، جس میں کہا گیات ھا کہ ناتھورا گوڈسے کو مہاتما گاندھی کے بجائے جواہر لال نہرو کو نشانہ بنانا چاہئے تھے ، کیوں کہ وہی تقسیم کے ذمہ دار تھے ۔ آر ایس ایس کے قومی پرچاپرمکھ منموہن وید یا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایس ، ملیالم جریدہ کیسری کی17اکتوبر2014کی اشاعت میں شائع متنازعہ مضمون کی سخت مذمت کرتی ہے ۔ مضمون میں جو خیالات ظاہر کئے گئے ہیں وہ مضمون نگار کے ہیں۔ آر ایس ایس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ۔

Article in RSS magazine suggests Nathuram Godse should have killed Jawaharlal Nehru instead of Mahatma Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں