مودی ہندوازم کے خفیہ آر ایس ایس ایجنڈہ پر عمل پیرا - سمرنجیت سنگھ مان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

مودی ہندوازم کے خفیہ آر ایس ایس ایجنڈہ پر عمل پیرا - سمرنجیت سنگھ مان

جالندھر
یو این آئی
شرومنی اکالی دل(امرتسر) کے صدر سمرنجیت سنگھ مان نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آر ایس ایس کے وضع کردہ ہندو ازم کے چھپے ہوئے ایجنڈہ کو آگے بڑھاتے آرہے ہیں ۔ مان نے یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو وادی میں دیوالی منانے کے بجائے مسلمانوں سے اظہار یگانگت کے لئے عید کے موقع پر کشمیر کا دورہ کرنا چاہئے تھا ، اس طرح سیلاب کے متاثرین کے زخموں کو مندمل کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اس وقت تک حل نہیں کیاجاسکتا جب تک کہ کشمیریوں کو اعتماد میں نہ لیاجائے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندستان اور پاکستان دونوں ہی ممالک کی حکومتوں کو مسئلہ کشمیر کے تصفیہ سے شاید ہی کوئی دلچسپی ہے کیونکہ مسئلہ کو اچھالنے سے دونوں ہی حکومتوں کی بقا یقینی ہوتی ہے ۔ سمرنجیت سنگھ مان نے صدر پنجاب بی جے پی کمل شرما کے اس بیان کی ستائش کی کہ چنڈی گڑھ اور اس ریاست کے پنجابی بولنے والے چھوٹے ہوئے علاقوں ، کو پنجاب کو منتقل کردیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ شرما کا بیان یقیناًلائق خیر مقدم ہے ۔
مان نے کہا کہ شرما کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اس بی جے پی لیڈر کو پارٹی کی قومی قیادت پر ترقی دی گئی ہے ۔ اکالی دل قائد نے بتایا کہ دریائی پانی کی تقسیم، بین الاقوامی دریائی قانون کے مطابق کی جائے جس کے ذریعہ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دریائی پانی کا استعمال وہ ریاست کرے جس میں سے دریا گزرتا ہے ۔ عسکریت پسندی کے دوران پنجاب میں35ہزار بے قصور ہندوؤں کی ہلاکت کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی، متاثرین کے خاندانوں کو معاوضہ دینے اور ملزمین کو سزا دینے کی مخالف نہیں ہے ۔ مان نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی ، گجرات سے تعلق رکھنے والے60ہزار پنجابی کسانوں کے معاملہ اور ان کی باز آبادکاری کا تصفیہ نہیں کررہے ہیں ۔ زبردستی ضبط کردہ اراضی پر ایک بڑی بندرگاہ اور بڑی بڑی صنعتیں قائم کی جارہی ہیں ۔ ایسے حالات میں ان کسانوں کو انصاف کیسے مل سکتا ہے ؟ شرومنی اکالی دل( امرتسر) چیف نے مزید کہا کہ چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل ، یہ جھوٹے وعدے کرتے ہوئے کہ مودی گجرات کے کسانوں کو دلدل سے نکالنے کی مقدور بھر کوشش کررہے ہیں ، گجرات کے کسانوں کو بے وقوف بناتے رہے ہیں ۔

Modi is promoting hidden agenda of Hinduism carved out by RSS: Mann

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں