عوام نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا - کانگریس کا رد عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-20

عوام نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا - کانگریس کا رد عمل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا اور ہریانہ میں اقتدار سے ہاتھ دھونے کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی ان دو ریاستوں میں تعمیری رول ادا کرے گی ۔ بی جے پی کو اس کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کانگریسی قیادت نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت بنانے والی پارٹیاں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گی۔ کانگریس پارٹی مہاراشٹرا اور ہریانہ کے عوام کے اس فیصلہ کو تہہ دل سے قبول کرتی ہے ۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ کے عوام نے بالترتیب دو اور تین مرتبہ ہم پر اعتماد کیا ۔ سونیا گاندھی نے ان انتخابات میں اپنے حامیوں اور کانگریس کے ووٹرس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی اور اس کے نظریات کے لئے بے تکان کام کیا۔ ایک بیان میں راہول گاندھی نے کہا کہ ہم عوام کا فیصلہ قبول کرتے ہیں۔ عوام نے مہاراشٹرا میں ہماری 15سالہ حکومت اور ہریانہ میں10سال کے اقتدار کے بعد تبدیلی کے لئے ووٹ دیا ہے ، تاہم اس شکست سے راہول گاندھی پریشان نہیں دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کو اعتماد حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرے گی ۔
ہریانہ کے لئے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری شکیل احمد نے کہا کہ پارٹی ان انتخابات میں توقع سے کم مظاہرے کے وجوہات کا جائزہ لے گی ۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ پارٹی کا مظاہرہ مایوس کن رہا ، اگرچہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پارٹی نے اپنی پکڑ مضبوط کی ہے ۔ کانگریس، قیادت کے اس رد عمل کے سامنے آنے سے اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ مودی کی لہر نے بی جے پی کو مہاراشٹرا اور ہریانہ میں اقتدار پر پہنچادیا۔ بی جے پی کو جہاں ہریانہ میں مطلق برتری حاصل ہوئی ہے وہیں پر مہاراشٹرا میں اسے واحد بڑی جماعت کا موقف حاصل ہوا ہے ۔

People voted for change in Maharashtra, Haryana: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں