ہندوستان کو کانگریس سے نجات دلانے کی سمت مزید دو قدم - امیت شاہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-20

ہندوستان کو کانگریس سے نجات دلانے کی سمت مزید دو قدم - امیت شاہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ ہریانہ اور مہاراشٹرا میں کامیابی ہندوستان کو کانگریس سے نجات دلانے کی سمت مزید دو قدم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے واضح ہوگیا کہ نریندر مودی ہندوستان کے غیر متنازعہ لیڈر ہیں ۔انتخابی نتائج مرکز میں مودی حکومت کے کام کاج اور پالیسی کو عوام کی منظوری کی مہر ہے۔ پارٹی صدر نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے اصولوں کے مطابق سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کا حق حاصل ہوتا ہے ۔ چنانچہ بی جے پی مہاراشٹرا میں حکومت بنائے گی۔ اپنی قدیم حلیف شیو سینا کو عملاً نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این سی پی نے اپنے طور پر غیر مشرو ط باہر سے تائید کی پیشکش کی ہے اور حکومت میں شامل ہونے کی خواہش نہیں کی ۔ خاص طور پر یہ پوچھے جانے پر کہ این سی پی کی پیشکش پر بی جے پی کا جواب کیا ہوگا شاہ نے کہا کہ کچھ دیر انتظار کیجئے ۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں اس بارے میں فیصلہ کیاجائے ۔ باربار پوچھے گئے سوال پر امیت شاہ نے کہا کہ مہاراشٹرا میں شیو سینا سے اتحاد بی جے پی نے نہیں توڑا ۔ نتائج نے ثابت کردیا کہ ہم صحیح ہیں ۔ ہمیں جتنے حلقوں کی پیشکش کی جارہی تھی اس سے زیادہ حلقوں پر ہم نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ288رکنی اسمبلی کے لئے بی جے پی کو134حلقوں پر مقابلہ کی خواہشمند تھی لیکن شیو سینا اسے119سے زائد حلقے دینے کے لئے تیار نہیں تھی ۔ کامیابی اور رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں123حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ شاہ نے تاہم کہا کہ ہم اپنے حلیفوں کا احترام کرتے ہیں اور ان سے اتحاد برقرار رکھنا چاہتے ہیں لیکن اپنے کارکنوں کی قربانی کی بنیاد پر نہیں ۔

2 more steps towards Congress-free India: Amit Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں