پاکستان میں دیوالی پر تعطیل اور امدادی پیکیج دینے ہندوؤں کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

پاکستان میں دیوالی پر تعطیل اور امدادی پیکیج دینے ہندوؤں کا مطالبہ

پاکستان کے اقلیتی ہندو فرقہ کے رہنماؤں نے وزیر اعظم نواز شریف سے دیوالی کے موقع پر عام تعطیل اور خصوصی امدادی پیاکیج سے متعلق کا ان کا مطالبہ قبول کرنے کی اپیل کی ہے ۔ پاکستانی ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی جو حکمراں جماعت کے رکن مقننہ بھی ہیں ، نے کہا کہ تعطیل کا اعلان اس فرقہ کے احساس محرومی میں کمی میں معاون ہوگا ۔ انہوں نے ایکسپریس ٹریبون کو بتایا کہ’’ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور سالانہ تہوار کے موقع پر عام تعطیل ہمارا دستوری حق ہے ۔ ‘‘وانکوانی نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی طبقات کے مسائل کے حل میں کسی سیاسی پارٹی کو دلچسپی نہیں ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ملائشیا، نیپال ، سری لنکا ، میانمار ، ماریشیز ، گیانا، ٹرینیڈاڈ، سرینامے ، سنگاپور، فجی ، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے بشمول دس سے زائد ممالک میں دیوالی کے موقع پر10روز ہ سرکاری تعطیلات ہوتی ہیں جب کہ پاکستان میں جو ہندو اس دن دفاتر نہیں جاتے ، انہیں غیر حاضر تصور کیاجاتا ہے ۔ امسال دیوالی23اکتوبر کو منائی جائے گی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی زیر قیادت حکومت نے دیوالی کے موقع پر اپنی برادریوں میں تقسیم کرنے کے لئے ہر ہندو قانون ساز رکن کو10لاکھ روپے کا پیاکیج متعارف کرایا تھا۔ وانکوانی نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت والی پی ایم ایل ۔ این حکومت کو اس روایت کو جاری رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام عوامی اور خانگی تنظیموں کو کہنا چاہئے کہ وہ دیوالی پر ہندوؤں کو پیشگی تنخواہیں اور پیاکیجز کی پیشکش کریں۔ پاکستان پسماندہ طبقہ حقوق تحریک کے چیرمین اور ڈائرکٹر ہرے راما راؤنڈیشن رمیش جئے پال نے کہا کہ عام تعطیل کا اعلان، ہندوؤں کو یہ احساس کرانے کے لئے بے حد ضروری ہے کہ وہ بھی اس ملک میں سماج کا حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو سب سے غیر مراعات یافتہ گروپوں میں سے ایک ہیں اور اسی لئے حکومت کی خصوصی توجہ کے متقاضی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دیوالی پر ہندوؤں کے لئے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔ اسی طرح جس طرح رمضان میں کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دینے والے یوسف رضا گیلانی پہلے وزیر اعظم تھے۔ ہم موجودہ حکومت سے بھی یہی توقع کرتے ہیں ۔‘‘ ایک ہندو مذہبی رہنما گرو سکھ دیوجی نے کہا کہ دیوالی محبت اور بھائی چارہ کا پیغام دیتی ہے ۔ ضرورت اس پیغام کو عام کرنے کی ہے تاکہ ملک میں شدت پسندی کے خطرے کوختم کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام فرقوں بشمول مسلمانوں اور عیسائیوں کی اس تہوار کا حصہ بننے کے لئے حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔‘‘

Hindus in Pakistan demand holiday, aid package on Diwali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں