ضلع سامبا کشمیر میں پاکستان رینجرس کی دوبارہ فائرنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-23

ضلع سامبا کشمیر میں پاکستان رینجرس کی دوبارہ فائرنگ

پاکستان نے3دن کے مختصر وقفہ کے بعد جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پار سے آج پھر فائرنگ کی اور اس طرح جنگ بندی کی پھر ایک بار خلاف ورزی کی۔ رام گڑھ اسٹیشن ہاؤز آفیسر ستیش کمار نے بتایا کہ’’پاکستان رینجرس نے آج صبح لگ بھگ10:30بجے ضلع سامبا کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پرنارائن پور سرحدی چوکی پر چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ کی ۔‘‘ بار ڈر سیکوریٹی فورس( بی ایس ایف) کے ایک ترجمان نے جنگ بندی کی اس خلاف ورزی کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے پاکستانی فائرنگ پر جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا یہ تبادلہ کچھ دیر جاری رہا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہہوگا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا گزشتہ واقعہ ضلع جموں کے پرگوال سیکٹر میں گزشتہ19اکتوبر کی رات کو پیش آیا تھا ۔ پڑوسی ملک کے سپاہیوں نے اس وقت سرحد پار سے فائرنگ کی تھی ۔ اس کے72گھنٹوں کے بعد آج جنگ بندی کی خلاف ورزی کا تازہ ترین واقعہ پیش آیا ۔ پاکستانی سپاہیوں نے گزشتہ 17اور18اکتوبر کو بھی ضلع جموں کے2علاقوں میں سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ گزشتہ17اکتوبر ہی کو ضلع پ ونچھ کے ہمیر پور سیکٹر میں خط قبضہ پر پاکستانی سپاہیوں نے جنگ بندی کی دو مرتبہ خلاف ورزی کی تھی ۔ گزشتہ16اکتوبر کو بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔ گزشتہ یکم اکتوبر ہی سے بین الاقوامی سرحد اور علاقہ جموں میں خط قبضہ پر پاکستانی سپاہیوں کی جانب سے زبردست فائرنگ اور مارٹر باری کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں9افراد ہلاک اور زائد از 95زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں13سیکوریٹی جوان شامل ہیں ۔ شلباری سے بچنے کے لئے لگ بھگ30ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑکر چلے گئے ہیں اور سرحدی علاقوں کے113قصبات ویران نظر آرہے ہیں۔

Pak violates ceasefire twice; fires at BoPs in Samba, Jammu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں