سرحد پر جاری کشیدگی جلد ہی معمول پر آ جائے گی - نریندر مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-09

سرحد پر جاری کشیدگی جلد ہی معمول پر آ جائے گی - نریندر مودی

جموں
آئی اے این ایس۔پی ٹی آئی
جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی سپاہیوں کی شدید گولہ باری اور فائرنگ میں ایک خاندان کی2خواتین ہلاک اور دیگر25افراد زخمی ہوگئے ۔ سرکاری حکام نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پاکستان کی طرف سے فائرنگ کل رات بھر جاری رہی اور آج صبح تک بھی فائرنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہوا تھا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آج صبح سامبا سیکٹر کے موضع چلیاری میں پاکستان کی مارٹر فائرنگ میں2خواتین ہلاک اور 5افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو بغرض علاج شہر جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ’’اس علاقہ میں پاکستانی توپوں، بندوقوں کو خاموش کرنے بی ایس ایف کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی جارہی ہے ۔‘‘ گزشتہ ایک ہفتہ سے جموں کے سیویلین علاقوں پر پاکستان کی شلباری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد8تک پہنچ گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد55ہوگئی ہے۔ خطہ قبضہ اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا تازہ ترین سلسلہ گزشتہ6اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ جموں و کشمیر میں سرحد پر کل رات پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ میں20افراد بشمول15سیویلین زخمی ہوگئے ۔ پاکستان رینجرس نے آج صبح ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے ہیرا نگر سیکٹر میں ہندوستانی چوکیوں پر پھر فائرنگ شروع کردی۔ ضلع پونچھ میں خطہ قبضہ پر پاکستانی فائرنگ میں ہندوستانی فوج کے4سپاہی زخمی ہوگئے جب کہ کل رات ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجر س کی فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک جوان اور15سیویلین زخمی ہوگئے ۔ جموں و کشمیر میں سیویلین آبادیوں کو پاکستان کی جانب سے نشانہ بنائے جانے پر جوابی قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے پاکستان اور ہندوستان کے نیم فوجی فورسس کے درمیں مقررہ فلیگ میٹنگ کر روک دیا ہے ۔ یہ میٹنگ’’لڑائی بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں پر بات چیت کے لئے منعقد ہونے والی تھی۔ مرکزی مملکتی وزیر( پی ایم او) جتیندر سنگھ جو پارلیمنٹ میں لوک سبھا نشست جموں کی نمائندگی کرتے ہیں سر حد کی صورتحال کا جائزہ لینے آج یہاں پہنچے۔ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر30مواضعات کے زائد از20ہزار مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔
پی ٹی آئی کی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رینجرس نے192کلو میٹر طویل سرحد پر کل رات35قصبات اور 50چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں زائد از70افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ جن میں آج زخمی ہوئے25افراد شامل ہیں ۔ پاکستان رینجرس نے آج صبح7:30بجے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پر واقع موضع چیلاری کو نشانہ بنایا۔ مارٹر فائرنگ میں شکنتلا دیوی اور ان کی بہو پولی دیوی ہلاک ہوگئیں ، جب کہ ان کے شہر اور پولی کے2بجے زخمی ہوگئے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(سامبا) انیل منگوترا نے یہ بات بتائی ۔ موضع کے تمام مکین اس سرحدی موضع سے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کو جاچکے ہیں ۔ وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہندوستانی فورسس کی جانب سے دندان شکن جواب دئیے جانے کے بعد کل رات میندھر اور پونچھ سیکٹر میں خطہ قبضہ پر پاکستانی فائرنگ رک گئی تھی۔ سرحدی قصبہ جورڈا اپارم آج صبح9بجے پاکستان کی گولہ باری سے متاثر ہوا ۔ پولیس عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ6افراد زخمی ہوئے جو آر ایس پورہ میں قائم کردہ کیمپ میں رات گزارنے کے بعد واپس آرہے تھے ۔ ان زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ قبل ازیں بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے کل رات8بجے سے بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف چوکیوں پر بلا اشتعال مارٹر گولہ باری اور زبردست فائرنگ شروع کردی ۔ پاکستان کی فائرنگ سے بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کی50چوکیاں متاثر ہوئیں ۔ ارنیا، آر ایس پورہ ، کناچک اورپر گوال سب سیکٹرس میں چوکیاں متاثر ہوئیں۔ گزشتہ یکم اکتوبر سے پاکستان، خطبہ قبضہ اور بین الاقوامی سرحد کے اضلاع جموں اور پونچھ میں جنگ بندی کی زائد از24خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے ۔ گزشتہ پیر کو پاکستانی سپاہیوں نے شدید فائرنگ اور شلباری کرتے ہوئے جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ارنیا پٹی میں5افراد کو ہلاک اور34کو زخمی کردیا تھا۔ گزشتہ جمعہ کو پاکستانی سپاہیوں نے وادی کشمیر کے گلمرگ سیکٹر میں اور پونچھ و نیز جموں سیکٹرس میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی تھیں جن میں ایک لڑکی ہلاک اور6افراد زخمی ہوئے تھے ۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سامبا، ہیرا نگر(ضلع کٹھوعہ) میں تقریباًتمام بی ایس ایف چوکیوں کو پاکستان رینجرس نے نشانہ بنایا ۔ آج صبح بھی ارنیا کے بعض علاقوں میں فائرنگ جاری تھی ۔ ان تمام مقامات پر بی ایس ایف جوانوں نے پاکستان کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ سامبااور کٹھوعہ اضلاع میں پاکستان رینجرس نے10تا15سرحدی مواضعات کو نشانہ بنایا ۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ سرحدی مواضعات سے1500تا2000افراد محفوظ مقامات کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ خطہ قبضہ پر بالنوی منکو ٹے، میندھر ، بھمبھر گلی، بالا کوٹ اور پونچھ کے اگلے علاقوں میں خطہ قبضہ پر پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ اور گولہ باری کل رات رک گئی ۔ پونچھ میں زخمی3فوجیوں میں جونیر کمیشنڈ ٖآفیسر سبھاش سنگھ شامل ہے۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کے بموجب جموں و کشمیر میں ہند۔ پاک سرحد پر پاکستان کی جانب سے بڑے پیمانہ پر کی جارہی موجودہ بلا اشتعال گولہ باری پر اپنے اولین رد عمل میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہندوستانی فوج ،سرحد پر پاکستانی اشتعال انگیزیوں کامنہ توڑ جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ نیز انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کی سلامتی کے ذمہ داروں کو صورتحال سے نمٹنے کی کھلی چھوٹ دے چکے ہیں اور یہ جواب اس وقت تک دیاجائے گا جب تک دوسری جانب سے اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رہے ۔ تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سرحد پر جاری کشیدگی بہت جلد اپنے معمول پر آجائے گی ۔ یاد رہے کہ دونوں جنوبی ایشیائی ہمسایوں کے درمیان کشیدگی کا یہ دوسرا ہفتہ ہے ۔ وزیر اعظم نے یوم فضائیہ کے مقع پر ایر چیف اروپ راہا کی طرف سے ایٹ ہوم استقبالیہ کی تقریب میں نامہ نگاروں سے کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا ۔ اعلی حکومتی ذرائع نے کہا کہ مذاکرات اسی وقت ممکن ہیں جب پاکستان سنجیدگی اور اقوام متحدہ جیسے کسی ثالثی کے بغیر سامنے آئے ۔
ہندوستان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تصفیہ کا خواہاں: راہا

آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایر چیف مارشل اروپ راہا نے آج کہا ہے کہ ہندوستان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے پاکستان کے واقعات سے پیدا شدہ مسئلہ کو جس قدر جلدممکن ہوسکے حل کرنا چاہتا ہے ۔ سربراہ فضائیہ نے جو چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے صدر نشیں بھی ہیں، کہا کہ’’ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ حکومت اس کو سنجیدگی سے لے رہی ہے ۔ ہم پڑوسیوں کے ساتھ امن و سکون کے اور اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ حکومت نے سفارتی اقدامات کئے ہیں اور فائرنگ کے خاتمہ کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہم سب فکر مند ہیں اور جلد تصفیہ چاہتے ہیں ۔ سیکوریٹی فورسس اس تعلق سے کام کررہے ہیں ۔‘‘ ایر چیف مارشل اروپ راہا ، دہلی کے مضافات میں ہنڈن ایر فورس اسٹیشن پر82ویں ایر فورس ڈے تقاریب کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ’’ وزیر دفاع ارون جیٹلی کو کل کے واقعات سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔

Everything will be fine soon; PM on Pak ceasefire violations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں