ہندوستان طبی تحقیق کے شعبہ میں پیچھے - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

ہندوستان طبی تحقیق کے شعبہ میں پیچھے - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیرا عظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان طبی تحقیق کے شعبہ میں پیچھے ہے اور اس شعبہ میں مزید کام کیاجانا چاہئے ۔ مودی نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(ایمس) کے42ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میڈیکل ریسرچ کے شعبہ میں پیچھے ہے اور بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ریسرچ بالخصوص کیس ہسٹری پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ انسانیت کی ایک بڑی خدمت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ کے لئے ڈاکٹروں کو ان مریضوں کا اچھا ریکارڈز رکھنے کی ضرورت ہے جن کا علاج کیاجارہا ہے ۔ بہر حال انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ساری دنیا میں ہندوستانی ڈاکٹروں کی صلاحیت و قابلیت کو مانا جاتا ہے ۔ حاضرین نے جن میں بیشتر ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے ارکان شامل تھے ۔ مودی کی تقریر کی جم کر ستائش کی اور تالیاں بجاتے ہوئے اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔ مودی نیلے رنگ کے روایتی لباس میں ملبوس تھے اور ٹوپی پہنے ہوئے تھے۔ تقریب کے آغاز پر طلبہ اور فیکلٹی کے ارکان نے انہیں یہ ٹوپی پہنائی تھی ۔ وزیر صحت ہرش وردھن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ جلسہ میں زائد از500طلبہ کو ڈگریاں عطا کی گئیں ۔
وزیر اعظم ایک اچھے ڈاکٹر کی خصوصیات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈاکٹر وہ ہوتے ہیں جو صرف مرض کے ساتھ نہیں بلکہ مریض کے ساتھ وابستگی اختیار کرتے ہیں ۔ وہ مریضوں کے اعتماد کو بڑھانے کے لئے کام کرتے ہیں ،۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ جو باتیں کہتے ہیں ان پر عمل بھی کریں ۔ اسی صورت میں مریض آپ کی بات پر توجہ دیں گے ۔ مثال کے طور پر اگر آپ کینسر کے ڈاکٹر ہیں اور سگریٹ نوشی کرتے ہیں تو مریض یہ سوچیں گے کہ ڈاکٹرس خود سگریٹ نوشی کرتے ہیں لہذا یہ مضر نہیں ہے ۔ انہوں نے جلسہ تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی کو مدعو کرنے کی روایت ڈالنے کا بھی مشورہ دیا۔ مودی نے کہا کہ کیا ہم جلسہ تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی کو مدعو کرنے کی روایت شروع کرسکتے ہیں ؟ مہمان خصوصی سے میری مراد کسی گاؤں کے اسکول کے آٹھویں یا نویں جماعت کے طلباء ہیں ۔ انہیں مدعو کیاجانا چاہئے تاکہ وہ اس دنیا کو جان سکیں۔ اس کی وجہ سے طالب علم میں ایک جستجو پیدا ہوگی اور اسے خواب دیکھنے میں مدد ملے گی ، جس کا اس کے ذہن پر گہرا اثر پڑے گا ۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے اندر کے طالب علم کو زندہ رکھیں ۔ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی تعلیمی زندگی یہاں ختم ہوگئی ہے ۔ علم کی پیاس اور سیکھنے کا عمل کبھی نہیں رکنا چاہئے ۔

PM Narendra Modi: India lagging behind in medical research

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں