پارلیمنٹ کے ایک ماہ طویل سرمائی اجلاس کا 24 نومبر سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-28

پارلیمنٹ کے ایک ماہ طویل سرمائی اجلاس کا 24 نومبر سے آغاز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارلیمنٹ کا ایک ماہ طویل سرمائی ، اجلاس آئندہ24نومبر سے شروع ہوگا ، اور آئندہ23دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا ۔ اس اجلاس کی جملہ 22نشستیں ہوں گی ۔ 4دن ، خانگی ارکان کے بلز کے لئے مختص رہیں گے ۔ کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے مذکورہ تواریخ کی سفارش آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے کی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، مذکورہ کمیٹی کے صدر ہیں ۔ سرمائی اجلاس کے لئے قانون سازی کا زبردست ایجنڈہ ہے ۔ راجیہ سبھا میں59اور لوک سبھا میں8یعنی جملہ67بلز تصفیہ طلب ہیں اور حکومت’’ کم سے کم30تا35بلز منظور کرانے کی کوشش کرے گی ۔ ایک سینئر وزیر نے آج یہ بات بتائی ۔ گزشتہ مئی میں نریندر مودی حکومت بر سرا قتدار آنے کے بعد سے پارلیمنٹ کا یہ دوسرا بڑا اجلاس ہوگا۔ لوک سبھا میں نشستوں کے انتظام کو قطعیت دینے کا کام اجلاس کے آغاز سے قبل مکمل ہوجائے گا جس کا بہت عرصہ سے انتظار کیاجارہا تھا۔
پارلیمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ نشستوں کے انتظامات سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل مکمل ہوجائیں گے ۔‘‘ نئے ایوان کی تشکیل کے تقریباً6ماہ بعد یہ کام مکمل ہونے کو ہے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ5سرمائی اجلاسوں میں نشستوں کا اوسط22رہا ہے اور اجلاس کی تواریخ کا فیصلہ سابقہ نظائر پر مبنی ہوتا ہے ۔ وزیرفینانس ارون جیٹلی ، وزیر خارجہ سشما سوراج ، وزیر قانون روی شنکر پرساد، وزیر کیمیکلز و فرٹیلائزرس اننت کمار اور وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو ، مذکورہ کمیٹی کے ارکان ہیں۔ سمرتی ایرانی( وزیر فروغ انسانی وسائل ) پرکاش جاؤدیکر اور سنتوش گنگوار( منسٹرس آف اسٹیٹ برائے پارلیمانی امور) مذکورہ کمیٹی کے خصوصی مدعوئین ہیں ۔

Month-Long Winter Session to Begin From November 24

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں