مودی حکومت کالے دھن مسئلہ پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-19

مودی حکومت کالے دھن مسئلہ پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے - کانگریس

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے آج کالے دھن کے مسئلہ پر نریندر مودی حکومت پر اپنے دباؤ میں اضافہ کردیا اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاسی مفاد کے لئے بڑے پیمانہ پر عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ کانگریس ترجمان اجئے ماکن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ آخر بی جے پی قیادت اس مسئلہ پر عوام کو کیوں گمراہ کررہی ہے ؟ بی جے پی قائدین کہا کرتے تھے کہ حکومت کا یہ موقف بے بنیاد ہے کہ وہ دوہرے محاصل کی وجہ سے ناموں کا انکشاف نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کیوں ناموں کا انکشاف کرنے سے پیچھے ہٹ رہی ہے ۔ ملک کو یہ جاننے کا حق ہے ۔ بی جے پی قائدین ایسے بیانات دے رہے ہیں ۔ آج ہم ، جو اس ملک کے عوام ہیں یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بی جے پی نے ہمیں گمراہ کیوں کیا؟ واضح رہے کہ نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس( این ڈی اے) حکومت نے کل سپریم کورٹ کو یہ بتاتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا کہ وہ سمندر پار بینکوں میں خفیہ کھاتے رکھنے والے افراد کے نام کا انکشاف نہیں کرسکتی کیوں کہ ان ممالک کے ساتھ ہندوستان نے دوہرے محاصل سے گریز کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن نے بی جے پی قائدین کو یاد دہانی کرائی کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اس نے ہندوستانیوں کی جانب سے ملک کے باہر جمع کئے گئے کالے دھن کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا ۔ کانگریس نے کہا کہ بی جے پی نے بار بار اور پر زور طور پر یوپی اے حکومت کو لتھاڑا تھا اور الزام لگایا تھا کہ وہ بدعنوان افراد کو بچا رہی ہے ۔اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔
اجئے ماکن نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ مرکزکی کانگریس حکومت نے ہی1995میں جرمنی کے ساتھ یہ معاہدہ کیا تھا کہ وہ خفیہ کھاتے رکھنے والوں کے نامون کا افشا نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دوہرے محاصل سے گریز کا معاہدہ این ڈی اے حکومت کے دور میں14ملکوں کے ساتھ کیا گیا تھا ۔ اے آئی سی سی ترجمان ابھیشک مانو سنگھوی نے گزشتہ روز این ڈی اے اور بی جے پی کو کالے دھن کے مسئلہ پر موقف سے انحراف کے سلسلہ میں نشانہ تنقید بنایا تھا ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ابھیشک سنگھوی نے کہا کہ جب آپ رائے دہندوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، جب آپ یہ جانتے ہوئے کہ آپ جو کہہ رہے ہیں وہ درست نہیں ہے ، ماقبل انتخابات مہم کے دوران غلط باتیں کہتے ہیں تو ایسا صرف سستے ووٹوں اور سنسی خیزی کے لئے کیاجاتا ہے ۔ کالے دھن کے مسئلہ پر مودی حکومت اور بالخصوص نریندر مودی نے یہی کام کیا ہے ۔ جب آپ حکمرانی میں ہوتے ہیں تو آپ پر حقیقت عیاں ہوتی ہے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ اگر ذرا سی بھی سیاسی دیانتداری ہے تو وزیر اعظم سے لے کر نچلی سطح تک کے قائدین کو انتخابی مہم کے دوران قوم کو گمراہ کرنے پر معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ اگر وزیر اعظم ایسا نہ کریں تو رام دیو، کرن بیدی اور انا ہزارے کو فوری وزیر اعظم کی قیامگاہ کے روبرو دھرنا شروع کرنا چاہئے ۔

Modi govt misleading public on black money issue: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں