پیڈ نیوز کو انتخابی جرم بنانے الیکشن کمیشن کی تجویز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-22

پیڈ نیوز کو انتخابی جرم بنانے الیکشن کمیشن کی تجویز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لئے مساوی مواقع کویقینی بنانے کے مقصد سے الیکشن کمیشن نے پیڈ نیوز کا انتخابی جرم بنانے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ اس برائی کے خاتمہ کے لئے مضبوط رکاوٹ پیدا کی جائے ۔ الیکشن کمیشن ، سیاسی جماعتوں کے انتخابی مہم کے مصارف پر بھی حد لگانا چاہتا ہے کیونکہ انتخابی مصارف کے نام پر لامحدود وسائل اکٹھا کیے جاتے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کا کہنا ہے کہ اگر پیڈ نیوز کو انتخابی جرم بنادیاجائے تو یہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے ایک رکاوٹ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیڈ نیوز کمیشن کے لئے یقیناًباعث تشویش مسئلہ ہے ۔ یہ انتخابی جرم نہیں ہے۔ ہم نے وزارت قانون سے کہا ہے کہ اسے انتخابی جرم بنایاجائے ۔ ایک بار ایسا ہوجانے پر انتخابی عذر داری کے تحت خاطی امیدوار کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی اور پیڈ نیوز کو کارروائی کی بنیاد بنایاجاسکے گا ۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی تجویز2سال سے حکومت کے زیر غور ہے ۔ اگر ہم کاررروائی کریں تو یہ زیادہ بڑی رکاوٹ ثابت ہوگی ۔ فی الحال ایسی کارروائیوں کو قانونی حمایت حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں جن کا الیکشن کمیشن نے دورہ کیا ہے، سیاسی جماعتوں نے پیڈ نیوز پرتشویش ظاہر کی ہے ۔ چیف الیکشن کمیشن نے اس نقطہ نظر کا بھی اظہار کیا کہ پریس کونسل آف انڈیا اورنیوز براڈ کاسٹر اسوسی ایشن جیسی تنظیموں کو بھی پیڈ نیوز کو روکنے اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہئے ۔ ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہ آیا الیکشن کمیشن انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کے مصارف پر حد لگانے کے بارے میں غور کررہا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس پر حد ہونی چاہئے ۔

Election Commission proposes making paid news an electoral offence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں