ہندوستان سے کشمیر واپس لینے کا عہد - بلاول بھٹو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-20

ہندوستان سے کشمیر واپس لینے کا عہد - بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر کرخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے جدو جہد جاری رکھنے اور ہندوستان سے کشمیر واپس لینے کا عہد کیا۔ بھٹو خاندان کے26سالہ چشم و چراغ نے کہا کہ میں جب بھی مسئلہ کشمیر اٹھاتا ہوں ہندوستان میں چیخ وپکار ہونے لگتی ہے ۔ انہیں یہ معلوم ہے کہ جب بھی کوئی بھٹو بولتا ہے ہندوستان لاجواب ہوجاتا ہے۔ بانی پاکستان محمد علی جناح کے مقبرہ پر ہزاروں حامیوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ہندوستان سے کشمیر واپس لے لیں گے ۔ ان کے اس اعلان جدو جہد پر نعرہ تحسین سے فضا گونج اٹھی ۔ نئی نسل کے سیاستداں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن سکتا ہے ۔ تاہم ہندوستانی مسئلہ کشمیر کے نام پر کسی کو ثالثی کا موقع ہی نہیں دیتے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ کشمیر میں امن و امان کے خواہاں ہیں اور اس سے متعلق ہمارے بیان کو غلط معنی نہ دئیے جائیں ۔ بلاول کو مستقبل میں پاکستان کا وزیراعظم باور کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور میڈیا ، پی پی پی کی شبیہہ کو مسخ کرنے اور اس کی آواز کو کچلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔کیوں کہ وہ(ہندوستانی) اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستانی سیاسی جماعت کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔
کشمیر پر بلاول بھٹو کا یہ بے باکانہ تبصرہ دوسری بار منظر عام پر آیا ہے ۔ گزشتہ ماہ ایسے ہی ایک موقع پر خطاب کے دوران بلاول نے کہا تھا کہ اگر ان کی پارٹی منتخب ہوکر برسر اقتدار ہوئی تو وہ ہندوستان سے کشمیر کی ایک ایک انچ زمین واپس لے لیں گے ۔ انہوں نے اس وقت بھی واضح الفاظ اور انداز میں کہا تھا کہ میں سارے کا سارا کشمیر واپس لے لوں گا اور اس کی ایک انچ زمین بھی ہندوستان کے قبضہ میں رہنے نہیں دوں گا کیونکہ دیگر صوبوں کی طرح کشمیر بھی پاکستان کا ہی ایک حصہ ہے ۔ بلاول نے اپنی سیاسی زندگی کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پارٹی میں نئی روح پھونکنے کا عہد کررکھا ہے ۔ جس پر پسماندہ اور کاشتکار وطبقہ کو نظر انداز کرنے کا الزام ہے جب کہ یہی دو طبقے اس کی حقیقی قوت اور ریڑھ باور کئے جاتے ہیں ۔ بلاول بھٹو، پاکستان کی مقتول اور سابق وزیرا عظم بے نظیر بھٹو کے فرزند ہیں۔ ان کے والد آصف علی زرداری2008تا2013صدر پاکستان رہ چکے ہیں ۔

Kashmir will be part of Pakistan: Bilawal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں