جیہ للیتا جیل سے رہا - چنئی میں آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-19

جیہ للیتا جیل سے رہا - چنئی میں آمد

بنگلور
یو این آئی
سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو وجے جیہ للیتا کو آج سہ پہر ، بنگلور کے پراپننا اگرہارا جیل سے رہا کردیا گیا ۔ سپریم کورٹ نے66کروڑ روپے کے غیر متناسب اثاثے کیس(ڈی اے کیس) میں کل ہی انہیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ جیہ للیتا کی رہائی کے ساتھ ہی ٹاملناڈو اور کرناٹک میں ان کے ہزاروں حامیوں نے جشن منایا ۔ قبل ازیں کرناٹک ہائی کورٹ نے گزشتہ7اکتوبر کو جیہ للیتاکی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی ۔ بنگلور کی خصوصی عدالت نے جو ڈی اے کیس کی سماعت کررہی ہے،جیہ للیتا اور دیگر 3شریک ملزمین کو4سال قید سادہ کی سزاسنائی تھی اور جیہ للیتا پر100کروڑ روپے جرمانہ و نیز دیگر3ملزمین پر فی کس10کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ گزشتہ27ستمبر کو جاری کردہ اس حکم کے بعد جیہ للیتا کو بنگلور کے مضافات میں واقع پراپننا اگر ہارا جیل بھیج دیا گیا تھا جہاں انہوں نے22دن گزارے۔ جیہ للیتانے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جہاں سے وہ مشروط ضمانت پر رہا ہوئیں۔ جیہ للیتاکے وکلاء نے سپریم کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل آج یہاں خصوصی عدالت میں پیش کی اور اس عدالت نے جیہ للیتا کی رہائی کا حکم دیا ۔ دیگر3ملزمین ششی کلانٹرا جن ، الاوراشی اور ایس وی سدھاکرن بھی مشروط ضمانت پر رہا ہوئے۔ قبل ازیں آج دن میں جیہ للیتا کے وکلاء نے سپریم کورٹ کے حکم ضمانت کی مصدقہ نقل خصوصی عدالت کے جج جان مائیکل ڈی کنہا کو پیش کی جنہوں نے ضمانتوں کا جائزہ لینے کے بعد رہائی کے احکام جاری کئے اور یہ احکام ایک خصوصی پیام رساں کے ذریعہ جیل حکام کو پہنچائے گئے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے بالآخر ان دستاویزات کی جانچ کرنے کے بعد تمام چاروں ملزمین کو رہا کردیا۔ سپریم کورٹ نے ان چاروں سے خواہش کی تھی کہ ضمانت پر رہائی کے لئے فی کس ایک کروڑ روپے کی2ضمانیں پیش کی جائیں۔
بنگلور کے مضافات میں واقع جیل سے رہائی کے فوری بعد سب سے پہلے’’اماں‘‘(جیہ للیتا) کا خیر مقدم چیف منسٹر ٹاملناڈو اوپنیر سیلوم نے کیا۔ اس موقع پر جیہ للیتاکا خیر مقدم کرنے والوں میں پنیر سیلوم کے6کابینی رفقاء بھی شامل تھے ۔ سٹی پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے وضاحت کی کہ وزراء اپنی سرکاری حیثیت میں نہیں بلکہ شخصی طور پر یہاں آئے ہیں ۔ جیہ للیتا، ششی کلانٹرا جن اور الاوراشی ایک کار کے ذریعہ سیدھے ایچ اے ایل ایر پورٹ پہنچے جہاں ایک چارٹرڈ طیارہ کو ان تینوں کو چینائی لے جانے کے لئے تیار رکھا گیا تھا ۔ ایس وی سدھاکرن ، ایک دوسری کار میں سوار تھے جو پہلی کار کے پیچھے چل رہی تھی۔ انا ڈی ایم کے کے ہزاروں ورکرس اور جیہ للیتا کے ہزاروں حامی، صبح ہی سے جیل کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے تھے ۔ جب ضمانت پر رہا چاروں رہاشدگان کا قافلہ گزر رہا تھا تو ان حامیوں نے فرط مسرت سے ’’اماں ولکھے‘‘ کے نعرے لگائے۔ قبل ازیں ایک بڑا ہجوم ، شدید بارش کے باجود قلب شہر میں نر پتنگا روڈ پر سیول کورٹ کامپلکس میں جمع ہوگیا تھا اور وکلاء کی آمد کا انتظار کررہا تھا۔ جیہ للیتا کے وکیل اور رکن راجیہ سبھا این کرشنا نے سپریم کورٹ کے حکم کی نقل، خصوصی عدالت میں پیش کی ۔ کمشنر پولیس ریڈی نے بتایا کہ ’ ’ہم نے جیہ للیتاکو حفاظتی گھیرا فراہم کرتے ہوئے روانہ ہونے کے لئے فورسس کوتیار رکھا ، ایل طیران گاہ تک کے سارے راستہ پر بھی اور ہسور سرحد اور طیران گاہ پر بھی سیکوریٹی فراہم کی گئی تھی ۔

Jayalalithaa out on bail, reaches Chennai residence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں