جاپان دارالحکومت آندھرا پردیش کی تعمیر کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-23

جاپان دارالحکومت آندھرا پردیش کی تعمیر کرے گا

حیدرآباد
پی ٹی آئی/آئی اے این ایس
جاپان کی مختلف معاشی ایجنسیوں کے نمائندوں نے آج آندھرا پردیش کے لئے وجئے واڑہ، گنٹور کے علاقہ میں ایک اسمارٹ کیپٹل سٹی کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس کے علاوہ زارت اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبہ میں ٹکنالوجی کی منتقلی پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے ۔ جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن ، جاپان بینک فار انٹر نیشنل کو آپریشن ، نیو انرجی اینڈ انڈسٹریل ٹکنالوجی دیولپمنٹ آرگنائزیشن ، جاپان انٹر نیشنل کو آپریشن ایجنسی اور جاپانی سفارت خانہ کے عہدیداروں و نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے آج اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے یہاں سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ وفد نے چندر ا بابو نائیڈو کو بتایا کہ ان کا ملک اے پی میں ایک انڈسٹریل پارک کی تعمیر میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جہاں ایک وقف شدہ یوٹی لٹی سنٹر ہوگا ۔ جاپانیوں نے اضلاع وشاکھاپٹنم اور سریکا کلم میں4000میگا واٹ گنجائش کے حامل دو تھرمل پاور پلانٹس اور ضلع اننت پور میں2000میگا واٹ گنجائش کا حامل ایک سولار پاور پلانٹ کی تعمیر پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس سلسلہ میں ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ پراجکٹس پرعمل آوری کے لئے خدو خال کو قطعیت دی جاسکے ۔
حکومت آندھرا پردیش کے ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ دورہ کنندہ وفد نے شعبہ زراعت اور شعبہ فوڈ پراسیسنگ میں بھی ٹکنالوجی کی منتقلی پر اپنی آمادگی کا اٖظہار کیا ہے۔ جاپانی وفد نے چیف منسٹر کو مطلع کیا کہ وہ نئی دہلی میں آئندہ ماہ100کمپنیوں کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں اور اس بات کے خواہاں ہیں کہ حکومت اے پی کا ایک نمائندہ بھی اس موقع پر موجود رہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب جاپانی کمپنیاں اے پی میں10ہزار میگا واٹ گنجائش کے حامل تین پاور پلانٹس کی تعمیر اور وجئے واڑہ ، گنٹور کے درمیان ایک اسمارٹ سٹی( دارالحکومت) کے قیام میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ اعلی سطحی جاپانی وفد نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ دہلی، ممبئی فرائٹ کاریڈوراور بنگلور، چینائی انڈسٹریل کاریڈور کی تعمیر میں بھی اپنی دلچسپیوں پرتبادلہ خیال کیا۔ حکومت اے پی کے تشکیل دیے گئے مشترکہ ورکنگ گروپ میں انڈسٹری، انفراسٹرکچر ، انرجی ،انفارمیشن ٹکنالوجی اور زراعت جیسے محکموں کے سربراہان کے علاوہ رکن پارلیمنٹ وائی ستیہ نارائنا چودھری اور دہلی میں حکومت کے خصوصی نمائندہ کے رام موہن راؤ شامل ہیں ۔

Japan keen to help Andhra Pradesh build smart capital city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں