جموں و کشمیر کابینہ سے کانگریسی رکن مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

جموں و کشمیر کابینہ سے کانگریسی رکن مستعفیٰ

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر میں بر سر اقتدار نیشنل کانفرنس کے زیر قیادت مخلوط حکومت کی میعاد ختم ہونے میں صرف3ماہ باقی رہ گئے ہیں ، ایسے میں اتحادی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاستی کابینی وزیر شام لال شرما کی جانب سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا اس بات کی عکاسی ہے ،۔ واضح رہے کہ سینئر کانگریسی لیڈر شام لال شرما نے کل رات اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ وہ جموں و کشمیر حکومت میں آبپاشی وزیر تھے اور حلقہ اکھنور کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پی ایچ ای محکمہ میں کام کررہے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے مسئلہ پر استعفیٰ دے دیا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وہ نیشنل کانفرنس لیڈر وریاستی وزیر فینانس عبدالرحیم راتھر سے ناراض ہیں۔
یہ با ت یہاں قابل ذکر ہے کہ عبدالرحیم راتھر کابینہ سب کمیٹی کے سرپرست ہیں اس لئے وہ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے مجاز ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شام لال شرما نے اپنا استعفیٰ چیف منسٹر عمر عبداللہ کو پیش کرنے کے بجائے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر سیف الدین سوز کو پیش کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر عمر عبداللہ سری نگر میں موجود نہیں تھے اس لئے شرما نے اپنا استعفیٰ پارٹی صدر کو پیش کیا ۔ پروفیسر سوز نے شام لال شرما کی جانب سے استعفیٰ پیش کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ مسئلہ مذکورہ وزیر ، چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان ہے لیکن میں پارٹی صدر ہوں اس لئے شرما نے اپنا استعفیٰ مجھے سونپ دیا ۔ تاہم سوز نے مذکورہ وزیر کے مستعفی ہونے کی وجہ بتانے سے گریز کیا۔ یاد رہے کہ چندر وز قبل ایک کانگریسی وزیر نے شام لال شرما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ فلڈ کنٹرول نے اگر دانشمندی دکھائی ہوتی تو سری نگر کو سیلاب سے بچایاجاسکتا تھا۔

J&K: Congress Minister resigns from Omar Abdullah ministry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں