کسان نہیں ہوں گے تو ہم بھی نہیں رہیں گے - حیدرآباد ہائی کورٹ کا ریمارک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

کسان نہیں ہوں گے تو ہم بھی نہیں رہیں گے - حیدرآباد ہائی کورٹ کا ریمارک

حیدرآباد
یو این آئی
کسانوں کے قرضوں کی معافی کے جواز کو چیالنج کرتے ہوئے داخل کردہ درخواست کو حیدرآباد ہائی کورٹ نے مسترد کردیا ہے ۔ عدالت نے اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ کسانوں کے بغیر ہم بھی نہیں رہ سکتے ۔ عدالت نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کسانوں کے قرضہ جات کیوں معاف نہ کئے جائیں حالانکہ کئی کسان قرض کے بوجھ کے سبب خود کشی کررہے ہیں اور کسانوں کے قرضوں کی معافی میں کیا غلط بات ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکمراں جماعتوں نے کسانوں کے قرضوں کی معافی کا انتخابی وعدہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں احکام جاری کئے تھے ۔ ان احکام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے لوک سینا نامی تنظیم اپنی درخواست ہائی کورٹ میں داخل کی تھی ۔ اس تنظیم نے یہ دلیل دی تھی کہ کسانوں کے قرضوں کی معافی سے دونوں ریاستوں کے سرکاری خزانوں پر بھاری بوجھ پڑے گا ۔ اس تنظیم نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کی اسکیم پر عمل نہ کرنے کی دونوں حکومتوں کو ہدایت دی جائے ۔
درخواست گزار نے کہا کہ کسانوں کے قرضوں کی معافی سے کئی دیگر مسائل پیدا ہوں گے ۔ کسی بھی قیمت پر کسانوں کے قرضوں کو معاف نہ کرنے کی دونوں حکومت کو ہدایت دی جائے جس پر ہائی کورٹ نے درخواست گزار تنظیم لوک سینا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ کسان نہیں ہوں گے تو عوام بھی نہیں رہیں گے اور حکومت بھی نہیں رہے گی ۔ کسانوں کے کام کی وجہ سے ہم ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسی درخواست داخل نہ کی جائے ۔

Hyderabad High Court expresses concern over farmers' fate

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں