پرشانت بھوشن کے خلاف جھوٹی گواہی کیس دائر کرنے ڈائرکٹر سی بی آئی کا ارادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

پرشانت بھوشن کے خلاف جھوٹی گواہی کیس دائر کرنے ڈائرکٹر سی بی آئی کا ارادہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ڈائرکٹر سی بی آئی رنجیت سنہا نے کہا ہے کہ وہ پرشانت بھوشن ایڈوکیٹ کے خلاف دروغ حلفی (جھوٹی گواہی) کیس دائر کریں گے ۔ قبل ازیں انکم ٹیکس تحقیقات کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی کہ رنجیت سنہا اور گوشت کے برآمد کنندہ متنازعہ تاجر معین قریشی کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی جیسا کہ الزام لگایا گیا تھا۔ رنجیت سنہا نے بتایا کہ وہ آئندہ ہفتہ مقدمہ دائر کریں گے کیونکہ ان کے خلاف پرشانت بھوشن کے عائد کردہ تمام الزامات ، انکم ٹیکس تحقیقات کے بعد’’جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں ۔‘‘ ’’ یہ سوال رنجیت سنہا کا نہیں بلکہ ڈائرکٹر سی بی آئی کے عہدہ کے وقار و احترام کا ہے۔ میں نے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اہمیت میری نہیں بلکہ میرے ادارہ کی ہے ۔ میں سپریم کورٹ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے اس اہم تحقیقاتی ایجنسی(سی بی آئی) کے وقار کو بحال کیا۔‘‘ سنہا نے بھوشن کے عائد کردہ ان الزامات کو بکواس قرار دے کر مسترد کردیا کہ معین قریشی امکانی طور پر ڈائرکٹر سی بی آئی اور کوئلہ اسکام کے ملزم کے درمیان ایک ذریعہ تھا ۔ بھوشن نے الزام لگایا تھا کہ15مہینوں کی مدت میں رنجیت سنہا نے معین قریشی سے90ملاقاتیں کی تھیں ،۔ بھوشن نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ معین قریشی، کوئلہ اسکام سے مربوط مختلف کیسس میں سی بی آئی تحقیقات کو بند کروانے کے لئے ایک ذریعہ رہا تھا۔
گزشتہ جمعہ کو اٹارنی جنرل مکل روہسگی نے سپریم کورٹ کو ڈائرکٹر جنرل انکم ٹیکس (انوسٹیکیشنس) کی تیار کردہ ایک جائزہ رپورٹ سے واقف کروایا ۔ یہ رپورٹ معین قریشی سے متعلق تھی، روہسگی نے عدالت کو بتایا کہ’’ قریشی اور سنہا کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔ ممکن ہے کہ موجودہ ڈائرکٹر سی بی آئی ڈائرکٹر کا حوالہ ، کچھ اشارہ کنایہ میں دیا گیا ہو لیکن کوئی راست بات چیت نہیں ہوئی۔‘‘ سنہا نے کوئلہ اسکام کیسس کی سماعت کرنے والی ایک خصوصی عدالت کے ان ریمارکس پر بھی اعتراضات کئے تھے کہ تحقیقاتی عہدیداروں کو مناسب تربیت حاصل کرنی چاہئے اور اپنی تحقیقاتی صلاحیتوں میں خوبی پیدا کرنے کے لئے سی بی آئی اکیڈیمی میں ریفریشر کورس میں حصہ لینا چاہئے ۔ سپریم کورٹ نے کوئلہ بلاک الاٹمنٹ مقدمات سے نمٹنے والی خصوصی عدالت سے خواہش کی ہے کہ وہ اسکام کی تحقیقات کرنے والے عہدیداروں کے خلاف شخصی ریمارکس نہ کرے اور قانونی نکتہ پر توجہ مرکوز رکھے۔ جسٹس ایم بی لوکر کی زیر صدارت سہ رکنی بنچ نے خصوصی عدالت کے ریمارکس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ رنجیت سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’مفادات حاصلہ‘‘ جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے سی بی آئی کے امیج کو دھکا پہنچانے کی مشترکہ کوششیں کررہے ہیں ۔

CBI chief Ranjit Sinha to file perjury case against Prashant Bhushan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں