مشرقی گوداوری - پٹاخہ کی فیکٹری میں دھماکہ 15 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-21

مشرقی گوداوری - پٹاخہ کی فیکٹری میں دھماکہ 15 ہلاک

کاکیناڈا/حیدرآباد
یو این آئی/ پی ٹی آئی
پٹاخے تیار کرنے والی یونٹوں میں پیش آنیو الے بدترین آتشزدگی واقعات میں شامل ایک واقعہ آج ضلع مشرقی گوداوری کے واکاٹپا موضع میں پیش آیا جہاں ایک پٹاخہ ساز یونٹ دھماکہ سے9خواتین کے بشمول15افراد ہلاک اور15افراد زخمی ہوگئے جن میں بیشتر بری طرح جھلس گئے ۔ یہ حادثہ یوکو تاپلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ورکرس، یونٹ میں پٹاخوں کی تیاریوں میں مصروف تھے ۔ اس دھماکہ میں15افراد بر سر موقع ہلاک اور15افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ ان میں زیادہ تر افراد 70فیصد سے زائد جھلس گئے ہیں۔ انہیں کاکیناڈا کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ دھماکہ کے مقام پر دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے گئے ۔ زیادہ تر نعشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئیں اور جھلس کر سکڑ گئی تھیں ۔ اس موقع پر جب دھماکہ ہوا تو یونٹ میں50مزدور کام کررہے تھے ۔ عینی شاہدین نے میڈیا کویہ بات بتائی ۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا قوی امکان ہے ۔
قریبی پتا پورم ٹاؤن سے فائر انجنوں نے وہاں پہنچ کر آگ بجھائی جس کے لئے انہیں تقریباً2گھنٹے جدو جہد کرنی پڑی ۔ ضلع کلکٹر مشرقی گوداوری نیتو کمار ی پرساد اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پی ایم روی پرکاش کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیدار مقام حادثہ پہنچ چکے ہیں ۔ پولیس نے پورے مقام کا محاصرہ کرلیا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب پٹاخہ ساز فیاکٹری میں اچانک ایک بڑا دھماکہ سنائی دیا ۔ پولیس نے تا حال11افراد کی ہلاکت کی توثیق کی ہے ۔ یہ دھماکہ آج دوپہر پیش آیا ۔ ضلع کلکٹر نیتو کماری پرساد نے بتایا کہ فیاکٹری میں اچانک دھماکہ ہوا ۔ روی پرکاش نے بتایا کہ مہلوکین کی نعشیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔9افراد بر سر موقع ہلاک ہوئے جب کہ دو دوران علاج جانبر نہ ہوسکے ۔ اسی دوران چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دھماکہ میں مرنے والے ورثاء کو فی کس2لاکھ روپے ایک گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس واقعہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ پٹاخوں کی تیاری کے عمل میں کیمیائی تعامل کے باعث اچانک دھماکہ ہوا ۔ انہوں نے کہا ہم تحقیقات کررہے ہیں ۔ فائر اور فارنسک ماہرین مقام حادثہ پہنچ گئے ہیں ۔

15 Killed In Fireworks Factory Blast In Andhra Pradesh's East Godavari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں