نفرت انگیز جرائم کو برداشت نہیں کیا جائے گا - مرکزی مملکتی وزیر داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-19

نفرت انگیز جرائم کو برداشت نہیں کیا جائے گا - مرکزی مملکتی وزیر داخلہ

گڑ گاؤں
آئی اے این ایس
مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے یہاں دو ناگا نوجوانوں پر حملہ کے تناظر میں شمال مشرق کے طلباء گروپ سے ملاقات کی اور انہیں تیقن دیا کہ نفرت انگیز جرائم کوبرداشت نہیں کیاجائے گا ۔ رجیجو نے کہا کہ حکومت کا یہ ماننا ہے کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور ایسے نفرت انگیز جرائم کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ ہمارے سماج کو روادار ہونا چاہئے اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حملہ ناقابل قبول ہے۔ حکومت نے شمال مشرق علاقہ کے طلباء کو در پیش مسائل کے حل کے لئے ایک مخصوص ہیلپ لائن شروع کرنے اور پولیس فورس متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارونا چل پردیش کے رکن لوک سبھا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کرلی ہے اور قومیس لامتی مشیر نے اس مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس اجلاس میں مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ مرکزی مملکتی وزیر نے یہ واقعہ پیش آنے کے دو دن کے بعد اس گروپ سے ملاقات کی ہے ۔ یہ واقعہ چہار شنبہ کی رات مہرولی کی سرحد کے قریب سکندر پور علاقہ میں پیش آیا تھا اور ناگالینڈ سے تعلق رکھنے والے دو کال سنٹر ورکرس کو ایک گروپ نے مار پیٹ کی تھی ۔ دونوں نے بتایا کہ اس ٹولی نے ان پر حملہ کرنے کے بعد انہیں نسلی طعنے بھی دئیے تھے ۔
یو این آئی کے بموجب کرن رجیجو نے کہا کہ شمال مشرق کے عوام کے خلاف جرائم سے نمٹنے ایک مخصوص پولیس فورس تیار کرنے کے اقدامات پر غور کیاجارہا ہے ۔شمال مشرق کے دو متاثرین سے ملاقات کے بعد رجیجو نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے انداز پر شمال مشرق خطہ کے عوام نے اطمینان ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے علیحدہ مخصوص ہیلپ لائنس اور پولیس فورس کا مطالبہ کیا ہے ۔

India is a democratic nation, hate crimes will not be tolerated , minister of state for Home Kiren Rijiju

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں