گجرات فسادات پر ناناوتی کمیشن کی رپورٹ تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

گجرات فسادات پر ناناوتی کمیشن کی رپورٹ تیار

احمد آباد
پی ٹی آئی
گجرات کے2002ء کے فسادات کی تحقیقات کرنے والا نانا وتی کمیشن اپنی قطعی رپورٹ کے ساتھ تیار ہے اور توقع ہے کہ15نومبر تک گجرات کی ریاستی حکومت کو یہ رپورٹ پیش کردی جائے گی ۔جسٹس جی ٹی نانا وٹی نے آج پی ٹی آئی کو بتایا کہ کمیشن حکومت سے ایک اور توسیع کی درخواست نہیں کرے گا۔ قبل ازیں حکومت گجرات نے اس کمیشن کی میعاد میں24مرتبہ توسیع کی ۔ 30ستمبر کو منظوری 24ویں توسیع کی میعاد 31اکٹوبر کو ختم ہورہی ہے ۔ جسٹس نانا وتی نے کہا کہ25ویں توسیع کی درخواست کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ہماری قطعی رپورٹ تیار ہے ۔ اسے طبع کیاجارہا ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ رپورٹ ہمارے پاس ہوگی ۔ یہ کمیشن ریٹائرڈ ججس جی ٹی ناناوتی اور اکشئے مہتا پر مشتمل ہے ۔ تحقیقات پیانل نے2008ء میں گودھرا ٹرین واقعہ کے بارے میں اپنی رپورٹ کا ایک حصہ پیش کیا تھا جس میں وہ اس نتیجہ پر پہونچا تھا کہ گودھرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سابرمتی اکسپریس کےS6کوچ میں آگ ایک منصوبہ بند سازش تھی۔ گجرات کی ریاستی حکومت نے3مارچ 2002ء کو یہ کمیشن تشکیل دیا تھا ۔ابتداء میں اس کمیشن کا دائرہ کار سابر متی اکسپریس کےS6کوچ کو جلائے جانے کا باعث بننے والے واقعات اور حقائق کی تحقیقات تھا۔ گجرات کی ریاست نے مئی2002ء میں ریٹائرڈ جسٹس جی ٹی نانا وتی کو کمیشن کے صدر نشین کی حیثیت سے مقرر کیا تھا اور اس کے دائرہ کار میں جون2002ء میں ترمیم کی گئی تھی جس کے مطابق پیانل سے کہا گیا تھا کہ گودھرا واقعہ کے بعد پیش آنے والے تشدد کے واقعات کی بھی چھان بین کرے۔2008ء میں جسٹس کے جی شاہ کی موت کے بعد ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج اکشے مہتا کو کمیشن میں مقرر کیا گیا تھا۔

Godhra riots: Nanavati Commission's final report likely by November 15

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں