مصر میں ہندوستانی مینوفیکچرنگ مراکز کے معیار کی ستائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

مصر میں ہندوستانی مینوفیکچرنگ مراکز کے معیار کی ستائش

قاہرہ
پی ٹی آئی
وزیر اعظم مصر ابراہیم محلب نے مصر میں ہندوستانی مینو فیکچرنگ مراکز کے بڑے پیمانے پر موجودگی اور معیار کی ستائش کی ۔ انہوں نے ایک کیمیکل پلانٹ کا معائنہ کیا جو مصر میں ہندوستان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا مظہر ہے ۔ محلب نے پورٹ سعید میں ٹی سی آئی سنمار پلانٹ کادورہ کیا ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ6کابینی وزراء اور پورٹ سعید کے گورنر جنرل سماح قندیل اور سفیر ہند برائے مصر نودیب سوری بھی موجود تھے ۔ محلب نے کہا کہ وہ ہندوستانی مینو فیکچرنگ مراکز کی بڑے پیمانے پر یہاں موجودگی سے متاثر ہوئے ۔، مصر میں مستقبل میں ان مراکز کی توسیع کے منصوبوں سے بھی وہ مطمئن ہوئے ۔ ٹی سی آئی سنمار(پلانٹ) راست اور بالواسطہ طور پر تقریباً2ہزار مصریوں کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم مصر نے اس مینو فیکچرنگ یونٹ اور اس کے احاطہ کا دورہ کیا اور اس پراجکٹ کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔، مصر کی معیشت میں اس پراجکٹ کے مثبت رول اور اس پراجکٹ کے ارتقاء میں در پیش چیلنجوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ محلب نے کہا کہ’’حکومت مصر، سرمایہ کاروں کو در پیش تمام مسائل کو حل کرنے کا تہیہ کرچکی ہے ۔‘‘سوری نے کہا کہ وزیرا عظم مصر اور ان کے ساتھی سینئر وزراء نے پلانٹ کا دورہ کرنے میں شخصی دلچسپی لی جو ہندوستانی سرمایہ کاروں کے لئے ایک مثبت اشارہ ہے ۔ 50مختلف کمپنیوں میں یہاں ہندوستان کیس رمایہ کاری2.5بلین ڈالر سے متجاوز ہے ۔ سوری نے مزید کہا کہ’’ ہندوستانی کمپنیاں جیسے سنمار گروپ نے مصر میں بڑی سرمایہ کاریاں کرنے کے تعلق سے اپنی آمادگی اور صلاحیت کا اظہار کیا ہے ۔ ان کمپنیوں کی کامیابی سے دیگر ہندوستانی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ ملے گا۔‘‘ وزیر اعظم مصر کے دورہ کے دوران ٹی سی آئی سنمار گروپ کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ سنمار گروپ چینائی میں قائم کئی کمپنیوں کا ایک مجموعہ ہے اور یہ گروپ،کیمیائی اشیاء بالخصوص کیمیکل انجینئرنگ اور شپنگ بزنس میں دلچسپی رکھتا ہے ۔

Egyptian PM Praises Indian Manufacturing Facilities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں