پی ٹی آئی
کانگریس نے آج وزیر فینانس ارون جیٹلی کے اس تبصرہ پر سخت رد عمل ظاہر کیا کہ غیر قانونی بینک کھاتے رکھنے والوں کے نام منظر عام پر لائے جانے سے کانگریس کو تکلیف ہوگی اور انہیں غدار کا نام سامنے لانے کے لئے چیلنج کیا ۔ پارٹی نے ارون جیٹلی پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ اس مسئلہ پر عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے صدر راجیو ستاوا نے ٹوئٹر پر کہا کہ غدار، غدار ہوتا ہے ۔ وہ کانگریسی یا بی جے پی رکن نہیں ہوتا ۔ آخر غداروں کا نام ظاہر کرنے سے جیٹلی جی کو کون سی چیز روک رہی ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے ٹوئٹر پر کہا وزیر فینانس کو عوام سے جھوٹ بولنے کے بجائے ہمیں یہ بتانا چاہئے کہ وہ ہر شہری کے کھاتے میں تین لاکھ روپے کب جمع کرارہے ہیں، جس کا مودینے اپنی انتخابی تقاریر میں وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹر پیام میں اپنی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جن دھن یوجنا کے تحت کیا یہ دیوالی کا تحفہ ہوسکتا ہے یا پھر ہمیں2019تک انتظار کرنا پڑے گا ۔ یاد رہے کہ کانگریس نے لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران مودی کو’’پھیکو‘‘ کہتے ہوئے سوشل میڈیا پر نشانہ تنقید بنایا تھا ۔ کالے دھن کے مسئلہ پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے ۔ حکومت نے حال ہی میں سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ وہ سوئس بینکوں میں کھاتہ رکھنے والوں کے نام نہیں بتاسکتی ۔قبل ازیں یوپی اے حکومت نے بھی یہی موقف اختیار کیا تھا۔
اسی دوران آئی سی سی کے شعبہ مواصلات کے صدر نشین اجئے ماکن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس ایسی کسی دھمکی سے بلیک میل ہونے والی نہیں ہے ۔کانگریس پارٹی تمام افراد سے بالا تر ہے ۔ اگر ایسے کسی معاملہ میں کوئی ملوث ہے تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جانی چاہئے ۔ لیکن یہ کارروائی انتقامی جذبہ کے تحت نہیں ہونا چاہئے ۔ ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ غیر قانونی بینک کھاتے رکھنے والوں کے نام کا انکشاف کرنے سے کانگریس کو تکلیف ہوگی ۔ کانگریس نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اس مسئلہ پر منافقانہ رویہ اختیار کررہی ہے ، جس پر ارون جیٹلی نے کل کہا تھا کہ غیر قانونی کھاتے رکھنے والوں کے نام جلد منظر عام پر لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا میں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں کہ جب تمام نام منظر عام پر لائے جائیں گے تو مجھے(بی جے پی کو) کوئی پریشانی نہیں ہوگی ،البتہ ان ناموں کی وجہ سے اسے(کانگریس پارٹی کو) کو کچھ پریشانی ہوسکتی ہے۔ اجئے ماکن نے ارون جیٹلی کے تبصرہ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو بلیک میل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ان کے پاس جو بھی نام ہوں ان کا افشا کیاجائے اور (خاطیوں کے خلاف) کارروائی کی جائے کیونکہ وہ حکومت میں ہیں۔ انہیں ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔ ہم ان سے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ صرف136افراد کے نام افشاکرنے تک محدود نہ رہیں۔ ہم بی جے پی اور وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آدھا سچ، سچ نہیں ہوتا ۔ انہیں چنندہ اور انتقامی کارروائی کے طور پر ناموں کا افشاء نہیں کرنا چاہئے ۔ انہیں تمام نام سامنے لانا چاہئے ۔ اجئے ماکن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ بھی یاددہانی کرائی کہ انہوں نے اپنی لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ اگر کالا دھن واپس لایاجائے تو ہر شہری کو 15لاکھ روپے ملیں گے جب کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جو اس وقت بی جے پی کے صدر تھے، وعدہ کیا تھا کہ وہ100دن کے اندر کالا دھن واپس لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ناموں کے بارے میں گمراہ نہ کریں ۔ اس ملک کے عوام ناموں کے جال میں پھنسنے والے نہیں ۔ ملک کے عوام اس بات کے منتظر ہیں کہ حکومت کالا دھن واپس لائے گی۔
Do not blackmail us, Congress tells govt on black money issue
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں