ہندوستان صفائی مہم کے میڈیا میں بھرپور کوریج کی ستائش - وزیراعظم کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

ہندوستان صفائی مہم کے میڈیا میں بھرپور کوریج کی ستائش - وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سوچھ بھارت مہم کا بڑے پیمانہ پر احاطہ کرتے ہوئے اپنے قلم کو جاروب (جھاڑو) میں تبدیل کردینے پر ذرائع ابلاغ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہوں نے کئی کالم نویسوں سے ملاقات کی ہے، جنہوں نے پہلے کبھی صفائی ستھرائی کے بارے میں کچھ نہیں لکھا ، لیکن اب اس پر لکھ رہے ہیں۔ مودی نے یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹرس میں دیوالی ملن تقریب کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے قلم کو جاروب میں تبدیل کردیا ہے اور یہ ملک کی ایک بڑی خدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے الکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا میں سوچھ بھارت مہم کے احاطہ کا نوٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی کالم نگاروں نے بھی اس موضوع پر مضامین تحریر کئے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی مضمون نہیں پڑھا تھا اور نہ الیکٹرانک میڈیا میں ایسے کسی موضوع کا احاطہ کیے جاتے دیکھا تھا جس کے ذریعہ شہریوں کو ملک کے لئے کچھ کرنے کی تحریک نہ دی گئی ہو ۔ یہ ملک کے لئے بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ایک ایسا ماھول پیدا کیا گیا کہ حکومت کو ہی سب کچھ کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ میڈیا نے اس بات کو اجاگر کیا کہ لوگ کس طرح ایک صاف ستھرا ہندوستان تعمیر کرنے کے لئے تبدیلی لاسکتے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کل ان لوگوں کو مبارکباد دی تھی جنہوں نے ان علاقوں میں صفائی کی تھی جہاں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کی گئی۔ مودی نے کہا کہ ان کے کئی دوستوں نے انہیں بتایا کہ کئی افراد نے ان علاقوں میں صفائی کی ہے جہاں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کی گئی تھی ۔ ان کی کوششوں پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم نے دیوالی کے بعد جلے ہوئے پٹاخوں کی باقیات دکھانے والے ٹی وی چینلوں کو بھی مبارکباد دی ، کیوں کہ انہوں نے اس طرح صفائی ستھرائی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کی ۔ وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں نے کئی ٹی وی چینلوں کو آتش بازی کے بعد بچ جانے والے کچرے کو پیش کرتے ہوئے دیکھا ۔ میں انہیں صفائی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پید اکرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیرا عظم نے کہا کہ وہ مختلف مواقع پر میڈیا کے ساتھ رابطے میں کے طریقوں پر غور کررہے ہیں، تاکہ مختلف مسائل پر ان کی رائے حاصل کی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مواقع پر وہ میڈیا کے ساتھ بات چیت نہیں کرسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب وہ میڈیا کے نمائندوں کی آمد کاانتظار کرتے تھے ، ان کے لئے کرسیاں بچھاتے تھے اور سب کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات تھے ۔
مودی نے صحافیوں کے ساتھ تصویر کشی کرائی

آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صحافیوں کے سے ملاقات کی ، ان سے مصافحہ کیا اور ان کے ساتھ تصویر کشی کرائی۔ قبل ازیں مودی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ میڈیا کو اپنے سے دور رکھ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے پہلی مرتبہ میڈیا سے ملاقات کے لئے ایک دیوالی ملن تقریب منعقد کی ۔، اس تقریب کے لئے صحافیوں کو مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل آنا پڑا، لیکن کسی نے شکایت نہیں کی ۔ مودی جو مطمئن اور پرسکون دکھائی دے رہے تھے ، دوپہر کے قریب پہنچے۔ وہ ہلکے گلابی رنگ کے کرتے اور گلابی جیکٹ میں ملبوس تھے۔ اسٹیج کو پھولوں سے سجایاگیا تھا اور اس پر پارٹی کا ایک بڑا ساپوسٹر چسپاں کیا گیا تھا ، جس پر وزیر اعظم اور بی جے پی صدر امیت شاہ کی مسکراتی ہوئی تصاویر لگائی گئی تھیں ۔ مودی کے ساتھ امیت شاہ اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ جب امیت شاہ میڈیا سے خطاب کررہے تھے تو مودی کو راج ناتھ سنگھ سے بات چیت کرتے اور مسکراتے دیکھا گیا ۔ امیت شاہ نے اپنی تقریر میں مہاراشٹرا اور ہریانہ کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔

Clean India campaign: Modi praises media for coverage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں