جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-26

جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کا اعلان

نئی دہلی
یو این آئی
الیکشن کمیشن نے آج ملک کی2ریاستوں جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے ۔ دونوں ریاستوں میں انتخابات کے لئے رائے دہی آئندہ25نومبر تا20دسمبر،5تواریخ پر ہوگی ۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا اور کہا کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ مثالی ضابطہ اخلاق ، فوری اثر کے ساتھ نافذ ہوگیا ہے ۔ جموں و کشمیر اور جھار کھنڈ میں انتخابات کا پہلا مرحلہ25نومبر کو ، دوسرا2دسمبر کو، تیسرا9دسمبر کو ، چوتھا14دسمبر کو اور پانچواں20دسمبر کو منعقد ہوگا ۔ ووٹوں کی گنتی23دسمبر کو ہوگی ۔ سمپت نے کہا کہ’’دونوں ریاستوں میں جو سیکوریٹی نقطہ نظر سے حساس ہیں ، انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں ۔‘‘
دونوں اسمبلیوں کی میعاد ، آئندہ سال جنوری میں ختم ہورہی ہے ۔87رکنی جموں وکشمیر اسمبلی کی میعاد آئندہ19جنوری کو اور81رکنی جھارکھنڈ اسمبلی کی میعاد آئندہ3جنوری کو ختم ہورہی ہے ۔ انتخابات کے پہلے مرحلہ یعنی آئندہ25نومبر کو دہلی اسمبلی کی3نشستوں مہراولی ، تغلق آباد اور کرشنا نگر کے ضمنی انتخابات بھی منعقد ہوں گے ۔ سمپت نے بتایا کہ جھار کھنڈ کے81اسمبلی حلقوں میں سے9، درج فہرست اقوام کے لئے محفوظ ہیں جب کہ28حلقے درج فہرست قبائل کے لئے محفوظ ہیں ۔ جموں و کشمیر کی87نشستوں کے منجملہ 7نشستیں درج فہرست اقوام کے لئے محفوظ ہیں ،۔ جھار کھنڈ اور جموں و کشمیر میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد بالترتیب2کروڑ7لاکھ44ہزار776اور 72لاکھ 25ہزار559ہے۔ جھار کھنڈ میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد(24648) اور جموں و کشمیر میں10015) ہے۔ سمپت نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ایک ایسا مناسب ماحول پیدا کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے مختلف اقدامات کئے ہیں جن کے تحت ہر رائے دہندہ کسی رکاوٹ یا کسی شخص کے نامناسب اثر؍ تخویف کے بغیر پولنگ اسٹیشن تک رسائی حاصل کرسکے گا ۔ زمینی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انتخابات کے دوران مرکزی مسلح پولیس فورسس اور دیگر ریاستوں سے ریاستی مسلح پولیس دستے تعینات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں فورسس کو اسٹرانگ رومس کی حفاظت کے لئے استعمال کیاجائے گا جہاں الکٹرانک ووٹنگ مشینیں رکھی جاتی ہیں ۔
ووٹوں کی گنتی کے مراکز اور دیگر اغراض کے لئے بھی جیسی بھی ضرورت ہو ان فورسس کو استعمال کیاجائے گا۔ امن و ضبط کی برقراری کے لئے اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں معاون اقدامات کے لئے کمیشن ، پیشگی احتیاطی اقدامات کے لئے ہدایات جاری کرتا آرہا ہے ۔ یہ اقدامات، ضلع مجسٹریٹس اور پولیس حکام کو کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن زمینی صورتحال پر مسلسل قریبی نظر رکھے گا اور ریاستوں میں پر امن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے مناسب اقدامات کرے گا ۔‘‘ یہاں یہ تذکربہ بے جا نہ ہوگا کہ جموں و کشمیر کے انتخابات میں ، اس ریاست میں سیلاب کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔ بحالت موجودہ اس ریاست میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط حکومت ہے ۔ اس مخلوط حکومت نے2008کے اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی کو اقتدار سے بے دخل کیا تھا۔ جھار کھنڈ میں کانگریس ، جھار کھنڈ مکتی مورچہ اور راشٹریہ جنتادل کی مخلوط حکومت ہے ۔ جے ایم ایم کے ہیمنت سورین چیف منسٹر ہیں ۔ 81رکنی جھار کھنڈ اسمبلی میں جے ایم ایم کے18،کانگریس کے13، آر جے ڈی کے5اور جنتادل یو کے2ارکان ہیں ۔ بی جے پی ارکان کی تعداد18ہے ۔ جموں و کشمیر میں اصل مقابلہ کانگریس، این سی پی ، ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان ہے جب کہ جھار کھنڈ میں اصل مقابلہ جے ایم ایم ۔ کانگریس اتحاد اور بی جے پی کے درمیان ہے ۔

5-phase elections in Jharkhand, JK announced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں