بردوان دھماکہ - قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کی ممتا بنرجی سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-28

بردوان دھماکہ - قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کی ممتا بنرجی سے ملاقات

کولکتہ/بردوان
یو این آئی/ پی ٹی آئی
قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ملاقات کی ۔ توقع ہے کہ وہ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش( جے ایم بی) کی سرگرمیوں سے متعلق ایک رپورٹ انہیں پیش کریں گے۔ ملک کی سلامتی کے اعلیٰ ترین عہدہ دار نے بردوان میں کھگرا گڈھ کے اس مقام کا معائنہ کیا جہاں2اکتوبر کو ھم دھماکہ ہوا تھا۔ چار دن قبل ہی قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) کے ڈائرکٹر شرد کمار نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اس دھماکہ میں جے ایم بی ملوث ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے اسپیشل سکریٹری پرکاش مشرا، انٹلی جینس بیورو کے سربراہ آصف ابراہیم ڈائرکٹر جنرل این ایس جی جینت نارائن چودھری اور این آئی اے کے ڈائرکٹر شردکمار، بردوان میں دورے کے موقع پر دوول کے ہمراہ تھے ۔ یہ تمام عہدہ دار بی ایس ایف کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہاں پہونچے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کی اہم سیکوریٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدہ دار دھماکہ کے کسی مقام کا مشترکہ طور پر معائنہ کرتے ہوئے تحقیقاتی نتائج اخذ کرنے میں مصروف ہیں۔
را اور این آئی اے کے اعلیٰ عہدہ دار بھی ٹیم میں موجود تھے ۔ انہوں ںے دھماکہ کے مقام ، دو منزلہ عمارت کا جہاں مشتبہ دہشت گرد مقیم تھے اور اسے اسلحہ فیکٹری کے طور پر استعمال کررہے تھے ، معائنہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ تقریباً 30منٹ مکان میں رہے ، دوول اور دیگر 3عہدیداروں نے اس کمرہ کا بغور جائزہ لیا جہان دھماکہ ہوا ۔ پھر اس کمرہ کا بھی معائنہ کیا جو مبینہ طور پر دہشت گردوں کی جانب سے لیباریٹری کے طور پر استعمال کیاجارہا تھا ۔ بعد ازاں عہدہ داروں کی ٹیم مکان کی چھت پر پہونچ گئی تاکہ وہاں سے نظر آنے والے علاقہ کا جائزہ لیاجاسکے ۔ دوول نے بعد ازاں ضلع عہدیداروں سے ملاقات کی اور دھماکہ کی تحقیقات میں پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چاروں اعلیٰ عہدہ دار بعد ازاں کولکتہ روانہ ہوئے جہاں چیف منسٹر ممتا بنرجی سے ریاستی سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ بردوان دھماکہ میں شکیل احمد اور سبحان منڈل عرف سبحان ہلاک ہوگئے ۔ جو مبینہ طور پر بنگلہ دیشی تھے ۔ این آئی اے کی رپورٹ کے مطابق آئی ای ڈی کی تیاری کے دوران اتفاقی دھماکہ ہوگیا جس میں وہ ہلاک ہوگئے ۔ ایک اور شخص عبدالحکیم عرف حسان شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ این آئی اے نے ایک اور شخص پدر عالم اور دو خواتین آمنہ بی بی، رضیہ بی بی کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا ۔ تحقیقات کے مطابق ملزمین اور ان کے دیگر ساتھی جے ایم بی کے ارکان تھے جو ایک دہشت گرد تنظیم ہے ۔ وہ آئی ڈی تیار کررہے تھے جو پڑوسی ملک کو منتقل کئے جاتے ۔
این آئی اے کا یہ ماننا ہے کہ جے ایم بی کے کئی ارکان بنگلہ دیش میں روپوش ہیں، اس نے انہیں گرفتا ر کرنے کے لئے حکومت بنگال سے مدد طلب کی ہے۔ اس معاملہ میں مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے درکار معلومات فراہم کرنے پر نقد رقم کا اعلان بھی این آئی اے کے زیر غور ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج مرکز کو یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ان کی حکومت مکمل تعاون کرے گی ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کی ان سے ملاقات اور بردوان دھماکہ کیس پر تبادلہ خیال کے موقع پر ممتا نے یہ بات کہی ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے اسپیشل سکریٹری پرکاش مشرا نے مس بنرجی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ بردوان مسئلہ پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال ہوا ۔ چیف منسٹر نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور مکمل تعاون کرنے کا یقین دلایا ۔ ریاستی سکریٹریٹ میں یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ رہی ۔

National Security Advisor Ajit Doval meets Mamata Banerjee, talks about country's security

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں