بی جے پی کی کامیابی کشمیر اسمبلی انتخابات پر اثر انداز ہوگی - عمر عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-22

بی جے پی کی کامیابی کشمیر اسمبلی انتخابات پر اثر انداز ہوگی - عمر عبداللہ

چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ ہریانہ اور مہاراشٹرا میں بی جے پی کی کامیابی، ریاست میں اسمبلی انتخابات پر اثر انداز ہوسکتی ہے تاہم کہا کہ اسکا اتنا اثر نہیں ہوگا جتنا پہلے توقع کی جارہی تھی ۔ عمر عبداللہ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کا یقیناًکچھ اثر ہوگا ، لیکن میرے خیال میں اتنا نہیں ہوگا جتنا پہلے توقع کی جارہی تھی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی نے دونوں ریاستوں میں اچھا مظاہرہ کیا ہے، لیکن یہ نتائج بھی ان کی توقعات کے مطابق نہیں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا اگر آپ ہریانہ میں بی جے پی ۔ شیو سینا کے پارلیمانی انتخابی نتائج کا جائزہ لیں تو پتہ چلے گا کہ ان ریاستوں میں اسمبلی انتخابات میں اتنی کامیابی نہیں ملی ہے جتنی پارلیمانی انتخابات میں ملی تھی ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق عمر عبداللہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی افسپا کے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کریں گے کیونکہ اس معاملہ میں پیشرفت کرنے کے لئے موجودہ وقت مناسب ہے ۔ عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس بات کا لحاظ کیے بغیر کہ آئندہ چندہ ماہ میں(انتخابات میں) کیا ہوتا ہے، مجھے امید ہے کہ مودی حکومت، مسلح افواج کے خصوصی اختیارات قانون(افسپا) کی برخواستگی کے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ میرا ماننا ہے اور میں گزشتہ چند سال سے یہ مانتا آیا ہوں کہ چند برسوں کے دوران صورتحال میں قابل لحاظ بہتری ہوئی ہے اور اب اس مسئلہ پر پیشرفت کا مناسب وقت ہے ۔ واضح رہے کہ عمر عبداللہ گزشتہ چند برسوں سے متنازعہ قانون کی مرحلہ وار برخواستگی پر زور دیتے رہے ہیں جس کے تحت مسلح افواج کو لامحدود اختیارات حاصل ہوتے ہیں جو ریاست میں عسکریت پسندی کے خلاف جدو جہد کررہی ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ شہر میں آئی ایس آئی ایس کا پرچم لہرانے میں ملوث کسی بھی شخص کے عسکریت پسندوں سے روابط نہیں ہیں ۔ عمر عبداللہ نے یہاں ایک تقریب کے وقفہ کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات کی ہیں اور پرچم لہرانے بیشتر افراد کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ اب تک ان مین سے کسی کا تعلق عسکریت پسندی سے نہیں پایا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پرچم لہرانے کے واقعات میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ فوج نے پرانے شہر کے علاقوں میں احتجاج کے دوران بعض نوجوانوں کی جانب سے آئی ایس آئی ایس کے پرچم لہرائے جانے پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ اس پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سیکوریٹی سے متعلق مسئلہ ہے۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ اب پوچھ تاچھ کے بعد ہی بتایاجاسکتا ہے کہ ان نوجوانوں نے یہ پرچم کیوں لہرائے تھے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے وادی میں آئی ایس آئی ایس کے پرچم لہرائے جانے کے واقعہ کو بعض بیوقوفوں کی حرکت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ بدبختانہ طور پر میڈیا اسے اجاگر کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

BJP's win in Haryana and Maharashtra will affect Jammu and Kashmir assembly polls: Omar Abdullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں