مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات 2014 - مسلم نمائندگی 10 سے 9 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-20

مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات 2014 - مسلم نمائندگی 10 سے 9

ممبئی
ایس این بی
ریاست مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں مسلم ممبران اسمبلی کی تعداد کم ہوکر10سے9ہوگئی ہے ، لیکن ساتھ ہی ساتھ تین نئے مسلم چہروں کی بھی ریاستی اسمبلی میں شمولیت ہوئی ہے ۔ جس میں سے دو کا تعلق مجلس اتحاد المسلمین سے ہے، جب کہ ایک رکن آصف شیخ رشید کا تعلق کانگریس سے ہے ، جنہوں نے سابق رکن اسمبلی و عالم دین مفتی محمد اسماعیل کو پاورلوم شہر مالیگاؤں سے شکست دے کر ایوان کی رکنیت حاصل کی ہے ۔ سابق اسمبلی میں کانگریس سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں میں کل10ممبران تھے اور ان تمام10ممبران نے ان انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن سابقہ اسمبلی کے3مسلم ممبران کوشکست کا سامنا کرنا پڑا ، جس میں این سی پی کے سینئر رکن نواب ملک، کانگریس لیڈر بابا صدیقی ، اور این سی پی کے ہی امید وار رشید طاہر مومن شامل ہیں ۔ کانگریس این سی پی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں میں مسلم نمائندوں کو ٹکٹیں دی تھیں ، لیکن سب سے زیادہ کانگریس کے ہی مسلم نمائندگان کو کامیابی حاصل ہوئی ، جس میں سابق اقلیتی وزیر محمد عارف نسیم خان ، مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے سابق چیئرمین امین پٹیل اور دیگر شامل ہیں۔
این سی پی کی جانب سے صرف ایک مسلم نمائندے کو کامیابی حاصل ہوئی جن کا تعلق کولہا پور شہر کے کاگل نامی حلقے انتخاب سے ہے۔ حسن مشرف سابقہ حکومت میں وزیر محنت تھے ان کا شمار این سی پی کے اہم لیڈران میں ہوتا ہے ۔ کانگریس نے کل18مسلم امیدواروں کو ٹکٹیں دی تھیں جب کہ این سی پی نے17مسلم امیدواروں کو ٹکٹیں دی تھیں اسی طرح سے بی جے پی نے سابق قانون ساز کونسل رکن پاشا پٹیل کوٹکٹ دی تھی لیکن انہیں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ شیو سینا نے بھی ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ دی تھی لیکن اس کی کارکردگی مایوس کن رہی اور اس کی ہار ہوئی ۔ ان انتخابات میں کانگریس کے ایک سابق کابینی وزیر انیس احمد بھی قسمت آزمائی کررہے تھے لیکن ان کے مقابل بی جے پی کے امیدوارکو کامیابی حاصل ہوئی ، اسی طرح سے ریاستی کانگریس کے شعبہ اقلیت کے سربراہ و سابق رکن قانون ساز کونسل ایم ایم شیخ کو بھی اورنگ آباد سے شکست حاصل ہوئی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں