پارٹی اور حکومت پر نظر رکھنے کا مشورہ - کجریوال کا مودی کو خط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

پارٹی اور حکومت پر نظر رکھنے کا مشورہ - کجریوال کا مودی کو خط

نئی دہلی
یو این آئی
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے وزیرا عظم نریندر مودی سے بی جے پی میں پنپ رہی فرقہ واریت اور حکومت میں موجود بد عنوانی پر نظر رکھنے کامطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر مودی کو لکھے اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے چار مہینے مکمل کرلیے ہیں ۔ عوام کے درمیان ان چار مہینوں کا خوب ذکر ہورہا ہے ۔ میں اس خط کے توسط سے عوام کے جذبات کو آپ تک پہنچارہا ہوں۔ خط میں لکھا ہے کہ لوگوں کا خیال ہے کہ وزیر اعظم بہت اچھے مقرر ہیں لیکن بی جے پی کے لیڈر اور وزیر آپ کے بالکل برعکس کام کررہے ہیں۔ آپ اس پر نہ ہی کچھ کہتے ہیں اور نہ ہی کچھ کرتے ہیں۔ عوام غیر یقینی کی صورتحال میں مبتلا ہے ۔ کجریوال نے اپنے خط میں وزیر اعظم کے اس بیان کا بھی ذکر کیا ہے جس میں انہوں نے آئندہ دس برسوں تک ملک میں فرقہ واریت کا ذکر نہ کرنے کی بات کہی تھی ۔ کجریوال نے مزید کہا ہے کہ آپ کی یہ بات لوگوں کو بہت پسند آئی لیکن لوگ حیران رہ گئے جب اس تقریر کے کچھ دنوں کے بعد ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ آدتیہ ناتھ یوگی نے مذہب کے نام پر زہر افشانی کی۔ پارٹی کے کئی سرکردہ لیڈران نے ’لو جہاد‘ کے نام پر دو مذاہب کے درمیان زہر گھولنا شروع کردیا ۔ اس سے لوگوں کوسخت حیرانی ہوئی کہ بی جے پی کے ہی لوگ وزیر اعظم کی بات نہیں مان رہے ہیں ۔
کجریوال نے مزید لکھا ہے کہ آپ نے لوگوں کو بد عنوانی سے پاک ہندوستان کا خواب دکھایا اور یہاں تک کہا کہ نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا۔ لوگوں میں ان باتوں سے یقین پیدا ہوا کہ اب گھوٹالہ کرنے والوں کو جیل ہوگی اور ایمانداروں کو ترجیح دی جائے گی۔ کجریوال نے کہا کہ آپ کے وزیر صحت ہرش وردھن نے ایک بیحد ایماندار افسر سنجیو چترویدی کو عہدے سے ہٹا دیا تو لوگ دنگ رہ گئے ۔ پورے ملک کو معلوم ہے کہ کس طرح چتر ویدی نے بد عنوانی کے خلاف لڑائی لڑی اور کئی کرپٹ لوگوں کو جیل پہنچایا ۔ یہاں تک کہ خود صدر جمہوریہ اور پارلیمانی کمیٹی نے چتر ویدی کے کام کو سراہا ہے ۔ لوگوں کو تو امید تھی کہ ایسے افسران کو آپ پدم بھوشن دیں گے ۔ ان کے ہٹائے جانے کی میڈیا اور عوام نے سخت مخالفت کی۔ اب عوام کو آپ سے امید تھی کہ آپ خود مداخلت کریں گے لیکن آپ اس معاملے میں چپ رہے۔ کجریوال نے مزید لکھا ہے کہ کچھ دنوں قبل وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے نو ٹیفکیشن جاری کرکے دہلی کے انسداد بد عنوانی شاخ کے اختیارات کو کم کرکے اسے ناکارہ بنادیا ۔ خط میں کجریوال نے یہ بھی لکھا کہ حالیہ مہینوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات ظاہر کرتے ہیں کہ لوگوں کی توقعات حکومت سے دھیرے دھیرے ٹوٹ رہی ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں