حج پر بغیر اجازت جانے والی خواتین کو روکنے کے لئے چوکیوں پر زنانہ عملہ تعینات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

حج پر بغیر اجازت جانے والی خواتین کو روکنے کے لئے چوکیوں پر زنانہ عملہ تعینات

ابہاء
اردو نیوز (سعودی عرب)
جوازات حض فورس کے کمانڈر میجر جنرل عایض الحربی نے بتایا ہے کہ حج پر بغیر اجازت جانے والی خواتین کو روکنے کے لئے تفتیشی چوکیوں پر زنانہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ سعودی خواتین ایسی تمام خواتین کی تفتیش کریں گی جو حج پر جانے کے لئے شاہراہوں یا کچے راستوں پر قائم چوکیوں سے گزریں گی ۔ عکاظ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ جن سعودی خواتین کی خدمات حج تفتیش کے لئے حاصل کی گئی ہیں وہ تربیت یافتہ ہیں اور غیر قانونی طریقے سے خواتین کو حج مقامات پر پہنچانے والوں کے حیلوں بہانوں اور طور طریقوں سے واقف ہیں ۔ الحربی نے بتایا کہ بغیر اجازت حج پر جانے کے لئے حیلے بہانے کرنے والوں کو مایوسی ہوگی ۔ انہیں واپس کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی تمام تدابیر کرلی گئی ہیں ۔ الحربی نے کہا کہ حج اجازت نامے کے بغیر مشاعر مقدسہ میں گرفتار کئے جانے والوں پر قانون نافذ ہوگا اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ گرفتار شدگان کے فنگر پرنٹس لئے جائیں گے اور ان کا نام غیر قانونی طریقے سے حج کرنے والوں کی فہرست میں شامل کردیاجائے گا۔ غیر ملکی بے دخلی ہوگی اور انہیں10برس کے لئے مملکت واپس آنے سے روک دیاجائے گا ۔ انہیں بلیک لسٹ کردیاجائے گا۔ سعودی شہریوں کو ایک برس قید کی سزا دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری ادارے ایسے راستوں کی نگرانی کے لئے آپس میں رابطے قائم کرچکے ہیں جنہیں استعمال کرکے غیر قانونی طریقے سے حج مقامات کا رخ کیاجاتا رہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں